’ہم ایک ہیں ‘پر سیمپوزیم اور دوڑ کا اہتمام

 راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے شعبہ مینجمنٹ سٹیڈیز کی طرف سے ’ہم ایک ہیں ‘کے موضوع پر خطوط نگاری ،سیمپوزیم اور دوڑ کا اہتمام کیا گیا ۔راجوری یونیورسٹی ملک کی ان پانچ یونیورسٹیوں میں شامل ہے جو ایڈنچر پارٹرنرس و این ای ایس اے یونائٹیڈ سٹیٹ کے اشتراک سے سماج میں شدت پسندی کو روکنے کیلئے ایسے پروگرام چلارہی ہے ۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت نے شعبہ مینجمنٹ سٹیڈیز کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی پہل قابل سراہناہے ۔ انہوںنے بین مذہبی بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ مذہبی بھائی چارے اور امن کو فروغ دیاجاناچاہئے ۔ شعبے کے ڈین پروفیسر نسیم احمد نے اس طرح کے پروگراموںکو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہاکہ طلباء کو اور بھی اچھے طریقہ سے کام کرناچاہئے ۔ مختلف شعبوںسے تعلق رکھنے والے پچیس طلباء نے خطوط نگاری کے مقابلے میں حصہ لیا جس میں ایم بی اے تیسرے سمسٹر کے نسیم نے پہلی اور ریسرچ سکالر عاطف قاضی نے دوسری پوزیشن حاصل کی ۔پروگرام کا عنوان مذہبی بھائی چارہ تھا۔وہیں سیمپوزیم میں پندرہ طلباء نے حصہ لیا جن میں ایم بی اے تیسرے سمسٹر کے عارف بٹ نے پہلی اور عالیہ رفیق و عبدالرشید نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ دوڑ میں فیصل فہیم پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔