’ہمارا ہدف 2024 کا الیکشن ،منظم طریقے سے پالیسی بنانی ہوگی‘

 نئی دہلی//یو این آئی// کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے 19 اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے آج کہا کہ ملک کے عوام مودی حکومت سے آزادی چاہتے ہیں لہٰذا اپوزیشن پارٹیوں کو متحد ہو کر 2024 کے لوک سبھا الیکشن پر توجہ دینی ہے ۔ محترمہ گاندھی نے اپوزیشن کے اہم رہنماؤں اور وزرائے اعلیٰ سے ورچول میٹنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کو 2024 کے لوک سبھا الیکشن کے منصوبے پر منظم طور پر اور واحد ایجنڈے پر کام کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کی اپنی کچھ رکاوٹیں ہو سکتی ہیں لیکن چیلنج جمہوری اقدار کا قیام ہے ’ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہے اور متحد ہو کر ملک کے عوام کو آزادی دلانی ہے ۔ محترمہ گاندھی نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد سے سیاسی جنگ لڑنا ہے ۔ پارلیمانی سیشن کے دوران جس طرح سے ہر کسی نے ایک ہو کر اتحاد کا ثبوت دیا ہے ’ اسی اتحاد سے پارلیمنٹ کے باہر بھی اس حکومت کی پالیسی کے خلاف لڑنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے اتحاد کے سبب پارلیمنٹ کے مانسون سیشن میں آئین ترمیمی بل پاس ہو سکا ہے ۔