ہلکے ٹریفک جام کے باوجود شاہراہ پرمعمول کا ٹریفک جاری

 رام بن //شاہراہ پر رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں پیر کو بھی ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے کو ملے تاہم آج کے ٹریفک جام میں پچھلے دنوں کے مقابلے کم شدت تھی اور مجموعی طور پر چند مقامات کو چھوڑ کر ٹریفک کی نقل و حمل معمول کے مطابق جاری رہی ۔ ٹریفک ذرائع نے بتایا کہ رام بن بانہال سیکٹر میں ہلکے ہلکے پتھروں اور ملبے کے گرنے کا عمل چلتا رہتا ہے اور وہاں موجود تعمیراتی کمپنی کی مشینری اور افرادی قوت سے اسے ساتھ ساتھ صاف کیا گیا اور ایسی صورتحال کی وجہ سے وقفے وقفے سے گاڑیوں کو رکنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پیر کے روز شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت مجموعی طور معمول کے مطابق جاری رہی ۔انہوں نے کہا کہ آج کی کانوائے کا بیشتر ٹریفک حصہ شام چھ بجے تک بانہال ٹنل پار کر چکا تھا اور مزید ٹریفک شاہراہ پر رواں تھا۔شاہراہوں پر مال گاڑیوں کو یکطرفہ طور جموں سے وادی کشمیر کی طرف چلنے کی اجازت تھی جبکہ چھوٹی مسافر گاڑیوں کو شاہراہ پر دو طرفہ طور چلنے کی اجازت ہے ۔