بانہال // جمعرات کے روز ابرآلود اور ہلکی ہلکی بوندا باندی کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معمول کی طرح جاری رہی اور جموں سے وادی کشمیر کی طرف گاڑیوں کو چلنے کی اجازت تھی۔جمعرات کو موسم ابرآلود رہا اور دھوپ چھائوں کا کھیل وقفے وقفے سے جاری رہا ۔ دوپہر چار بجے بعد ہلکی ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا اور دور پہاڑیوں پر ہلکی ہلکی برفباری بھی ہوئی۔ ہلکی ہلکی بارشوں کے باوجود شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اوراس دوران جموں سے وادی کشمیر کی طرف ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی۔ ابرآلود موسم اور بارشوں کی وجہ سے بانہال میں موسم ٹھنڈا ہوگیا ہے اور سردیوں کیلئے روایتی ملبوسات جو چند روز کی تیز دھوپ کی وجہ سے غائب ہوگئے تھے ، کا لوگوںنے دوبارہ استعمال شروع کردیاہے اور کانگڑیوں کی مانگ پھر سے بڑھ گئی ہے۔