ہف شرمال شوپیان میں انکاونٹر جاری، ملی ٹینٹ محصور شاہد ٹاک

 

شوپیان// ضلع شوپیان ہف شرمال گائوں میں ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین تصادم جاری ہے ۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہف شرمال میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد 44آر آر اور 178بٹالین سی آر پی ایف کیساتھ مشترکہ طور پر آپریشن کی تیاری کی گئی۔انہوں نے کہا کہ میوہ باغات میں کم سے کم 2ملی ٹینٹوں کی اطلاع ملی تھی اور قریب سوا سات بجے ٹاٹا موبائل کا استعمال کر کے فوجی اہلکار گائوں میں داخل ہوئے جن پر ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور ملی ٹینٹ میوہ باغات میں چھپ گئے۔پولیس نے کہا ٹھیک ساڑھے سات بجے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا جس کے بعد مکمل خاموشی چھا گئی۔انہوں نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر ملی ٹینٹوں نے فرا ر ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم سیکورٹی فورسز کی کارگر حکمت عملی نے اُنہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا ۔اُن کے مطابق سیکورٹی فورسز نے وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کیخلاف آپریشن اتوار کی صبح تک ملتوی کردیا ہے اور میوہ باغات کے اردگرد روشنی کا انتظام کیا گیا ہے۔ اضافی کمک کو بھی طلب کیا گیاہے اور علاقے میں آپریشن جاری تھا۔