ہسپتال میں ادویات کی عدم فراہمی،بانڈی پورہ کے مریض برہم

عازم جان

بانڈی پورہ//ضلع ہسپتال بانڈی پورہ میں علاج ومعالجہ تسلی بخش نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو پرائیویٹ کلینکوں کا رخ کرنا پڑتاہے ۔ہسپتال میں ادویات بھی دستیاب نہیں ہیں بلکہ معمولی دوائیوں کیلئے بازارجانا پڑ تا ہے۔اس طرح کی صورتحال کا ذکرقصبہ کے بازار میں سملر کے ایک مریض نے کیا۔انہوں نے کہا کہ سات کلومیٹر مسافت طے کرکے وہ ضلع ہسپتال پہنچا اور درد سے تڑپتا رہا لیکن طویل وقفہ کے بعد ایک ڈاکٹر نے معائنہ کیا لیکن ہسپتال میں دوائیاں دستیاب نہیں تھیں ۔انہوں نے کہا کہ انہیںمجبوراًپرائیویٹ کلینکوں یا ادویہ فروشوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ضلع ہسپتال میں موجود دیگر بیماروں نے بھی ہسپتال کی ایسی ہی صورتحال کو بیان کیا۔ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ فوری طور پر جانچ پڑتال ہوگی اور اس سلسلے میںہسپتال کے سپرانٹنڈنٹ کو ہدایت دی گئی ہے۔