امن کی بحالی پولیس کی اولین ترجیح،نوجوان غلط راستے ترک کریں: دلباغ سنگھ
کشتواڑ//جموں کشمیر میں پنچایتی ممبران کی ہلاکتوں کو لیکر ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان میں بیٹھے لوگ جموں کشمیر میں بے گناہوں کا قتل کرنے کیلئے ملی ٹینٹوں کو اکسارہے ہیں جبکہ چند دنوں کے اندر آدھہ درجن کے قریب آپریشن انجام دئے گئے اور گزشتہ رات تین ملی ٹینٹوں کی ہلاکت ہوئی ہے جو سرپنچ کی ہلاک میں ملوث تھے۔ ان باتوں کا اظہار دلباغ سنگھ نے کشتواڑ دورے کے دوران امن میموریل ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے دوران نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔ اْنہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ہوئی ہلاکتوں میں پولیس نے بڑی کاروائیاں انجام دی ہیں اور کئی ملی ٹینٹوں ،جو پی آرآئی ممبران کی ہلاکت میں ملوث تھے ،کو مار گرایا ہے جبکہ شوپیان میں سی آرپی ایف جوان کی ہلاکت کے پیچھے سبھی افراد کو پکڑلیا گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ اسطرح کے آپریشن جاری رہیں گے تاکہ لوگ امن کی فضا میں رہ سکیں۔ڈی جی پولیس کا کہناتھاکہ پاکستان کی ایجنسیوں کے اشاروں پر یہاں موجود دہشت گرد کارروائیاں انجام دیتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں دلباغ سنگھ نے کہا کہ ہر کسی شخص کو تحفظ فراہم کرنا ممکن نہیں ہے تاہم علاقے میں اچھا ماحول پیدا کرنے کی کوشش ہرجگہ رہتی ہے اور جہاں سیکورٹی ایجنسیوں کو رپورٹ ہو وہاں سیکورٹی فراہم کی جاتی ہے۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ امن کی بحالی جموں و کشمیر پولیس کی اولین ترجیح ہے اور نوجوانواںکو غلط راستے ترک کرکے صحیح راستوں پر چلنا چاہئے۔ کشتواڑ کے سرگرم ملی ٹینٹ جہانگیر سروڑی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ابھی تک وہ بچ گیا لیکن بہت جلد اسے مارا جائے گا۔ اس موقعہ پر اے ڈی جی پی جموں زون مکیش سنگھ، ڈی آئی جی ڈی کے آر ڈاکٹر سنیل گپتا ، ایس ایس پی کشتواڑ شفقت بٹ اورپولیس وسیول انتظامیہ کے افسران و ڈی ڈی سی چیئرپرسن بھی موجود تھے۔