یو این آئی
نئی دہلی//کانگریس نے بدھ کو ہریانہ کے ووٹروں سے وعدہ کرتے ہوئے سات وعدوں کا اعلان کیا اور کہا کہ اگر ریاست میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو پارٹی ان وعدوں کو پورا کرے گی۔ ان وعدوں کا اعلان کرتے ہوئے کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے کہا کہ جب ہریانہ میں کانگریس کی حکومت تھی اس وقت ہریانہ کھیل، زراعت، بنیادی ڈھانچہ اور فی کس سرمایہ کاری میں پورے ملک میں اول نمبر پر تھا۔ اس بار ہمارا عزم ہے کہ اگر ریاست میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو ہم دوبارہ ہریانہ کو نمبر ون ریاست بنائیں گے۔ریاست کیلئے سات اعلانات کرتے ہوئے انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کا وعدہ کیا اور کہا کہ خواتین کو ہر ماہ 2000روپے دینے کے علاوہ 500 روپے میں گیس سلنڈر بھی دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ سماجی تحفظ پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر بزرگ کو 6000 روپے بڑھاپا پنشن، 6000 روپے معذوری پنشن، 6000 روپے بیوہ پنشن دینے کے ساتھ ساتھ پرانی پنشن اسکیم کو بحال کیا جائے گا۔نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں 2لاکھ مستقل بھرتی کی جائے گی اور ہریانہ کو منشیات سے پاک بنانے کے ساتھ ساتھ ہر خاندان کی خوشحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہر خاندان کو 300یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ 25لاکھ روپے تک کا مفت علاج بھی کیا جائے گا۔ غریب خاندانوں کے لوگوں کو 3.5لاکھ روپے کی لاگت سے چھت، 100گز کا پلاٹ، 2 کمروں کا مکان دیا جائے گا۔کسانوں میں خوشحالی لانے کیلئے پارٹی نے وعدہ کیا ہے کہ کسانوں کو کم از کم امدادی قیمت-ایم ایس پی کی قانونی ضمانت دی جائے گی اور کسانوں کو فصل کا فوری معاوضہ دیا جائے گا۔ معاشرے میں پسماندہ لوگوں کو حقوق دلانے کے لیے ذات پر مبنی سروے کرایا جائے گا اور کریمی لیئر کی حد 10لاکھ روپے کی جائے گی۔کانگریس کے سینئر لیڈروں کی موجودگی میں ہریانہ اسمبلی انتخابات کے لیے منشور جاری کرتے ہوئے مسٹر کھڑگے نے پارٹی کی سات گارنٹیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ریاست میں غریبوں کو دو کمروں کے مکان دینے کے ساتھ ساتھ خواتین کو ہر ماہ دو ہزار روپے دیے جائیں گے۔ . انہوں نے کہا کہ ہریانہ ایک خوشحال ریاست تھی اور کانگریس کے دور اقتدار میں اسے ملک کی نمبر ون ریاست سمجھا جاتا تھا لیکن بی جے پی نے اسے برباد کر دیا۔ کھڑگے نے کہا کہ ان تمام کوتاہیوں کو دور کرنے کے لیے عوام اس بار کانگریس پارٹی کو منتخب کرنے جا رہے ہیں اور ہم وعدہ کرتے ہیں کہ حکومت کے اقتدار میں آتے ہی ہم اپنے سات وعدوں کو ضرور پورا کریں گے۔کانگریس صدر نے کہا ”کانگریس پارٹی اس کو درست کرنے کے لیے کام کرے گی جس طرح بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) بی جے پی نے گزشتہ 10 برسوں میں ہریانہ کو برباد کیا ہے۔ ہریانہ آج بدعنوانی، بے روزگاری، بگڑتے امن و امان اور انارکی میں گھرا ہوا ہے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی جی نے ‘بھارت جوڑو یاترا’ اور ‘بھارت جوڑو نیا ئے یاترا’ میں لوگوں سے ان کے مسائل جاننے کے لیے ملاقات کی، لیکن مودی جی عوام کے درمیان نہیں جاتے، وہ صرف منتخب لوگوں سے ملتے ہیں۔ہریانہ کے سابق وزیر اعلی بھوپیندر سنگھ ہوڈا نے کہا کہ ہریانہ ریاست 1966 میں بنی تھی اور اس وقت یہ کہا جا رہا تھا کہ اس ریاست کی معاشی حالت کیا ہوگی لیکن 2014 میں فی کس آمدنی اور دیگر حالات میں ہریانہ پہلے نمبر پر تھا لیکن آخری دس سال میں سب کچھ ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاست میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو ریاست کو دوبارہ نمبر ون ریاست بنایا جائے گا۔