ہریانہ واقعہ قابل مذمت : گوجر بکروال یوتھ کانفرنس کافارسٹ ایکٹ 2006کی عمل آور ی پر زور

راجوری//گوجر بکروال یوتھ کانفرنس نے ہریانہ میں راجوری کے دو طلباء کی مار پیٹ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے فارسٹ ایکٹ 2006کی عمل آوری کی اپیل کی ہے ۔ پریس کلب راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یوتھ کانفرنس کے ارکان نے کہاکہ ہریانہ سنٹرل یونیورسٹی کے دو طالب علموں کی شرپسند عناصر کی طرف سے مارپیٹ کی گئی جس کی وہ شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے گفتار احمد چودھری نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپناکہنے والے کشمیری طلباء کو برداشت نہیں کرتے اور آئے روز ہندوستان کی مختلف یونیورسٹیوں وکالجوں میں طلباء کے ساتھ مارپیٹ کے واقعات رونماہورہے ہیںجس سے کھلے طور پر یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے ہندوستان کے حکمرانوں کو یہاں کی عوام کے ساتھ کس قدر ہمدردی ہے ۔ انہوں نے ہریانہ کے وزیر اعلیٰ سے اپیل  کی کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر کشمیر ی عوام کے د ل جیتنے ہیں تو انہیں جمہوری نظام میں رہنے کا ہر ممکنہ موقعہ دیا جائے اور پورے ہندوستان میں کشمیری طلباء کوہر طرح کی بنیادی سہولیات اور تحفظ فراہم کیاجاناچاہئے ۔انہوں نے ریاستی سرکار سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ چودھری قمر حسین ایڈووکیٹ ایم ایل اے راجوری کی طرف سے اسمبلی میں پیش کردہ جنگلات ایکٹ 2006بل کو منظور کیاجائے ۔