ہرگھرکونل سے پانی کی فراہمی سوپور میں 43ہزارکنکشن فراہم

 رام پورہ ۔راجپورہ واٹرسپلائی سکیم جولائی میں چالوہوگی:مشن ڈائریکٹرجل جیون

سوپور//سوپورسب ڈویژن میں نل سے پانی فراہم کرنے کے منصوبے کے تحت45ہزار کنکشن فراہم کرنے کے ہدف کے مقابلے میں اب تک43ہزارکنکشن فراہم کئے گئے ہیں۔ان باتوں کااظہار جل جیون مشن ڈائریکٹرڈاکٹرجی این ایتو نے سوپور میں متعددواٹرسپلائی سکیموں کا معائنہ کرنے کے دوران کیا۔مشن ڈائریکٹر جل جیون مشن ڈاکٹر جی این ایتو نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور شبیر احمد رینہ، سپراِنٹنڈنٹ اِنجینئر جل شکتی اور دیگر اِنجینئروں اور افسروںکے ہمراہ ضلع بارہمولہ کے سوپور سب ڈویژن کا دورہ کیا اور جل جیون مشن کے تحت جاری واٹر سپلائی سکیموں کا تفصیلی معائینہ کیا۔

 

مشن ڈائریکٹر جل جیون مشن نے دورے کے دوران 2.42 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کی جانے والی واٹر سپلائی سکیم رام پورہ۔راج پورہ کا مکمل معائینہ کیا۔ یہ سکیم مکمل ہونے پر275 گھروں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرے گی۔اُنہوں نے ڈبلیو ایس ایس رام پورہ ۔راج پورہ پر کام کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اَپنی تعمیر کے آخری مراحل میں ہے اور 5 جولائی کو اِس کا اِفتتاح کیا جائے گا جس سے اس دُور دراز علاقے کے رہائشیوں کو گھروں میں پینے کا صاف پانی فراہم ہوگا۔ڈاکٹر جی این ایتو نے ڈبلیو ایس ایس سانگری۔ مقام پر پروجیکٹ پر تعمیراتی کام کا بھی معائینہ کیا جو 991 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے۔ اِ س منصوبے کی تکمیل کے بعدقریبی دیہات کے 421 گھروں کو نلکے کے پانی کا کنکشن فراہم کیا جائے گا۔ اُنہوںنے ضلع بارہمولہ میں جل جیون مشن کے تحت کاموں کی پیش رفت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ دیہی علاقوں میں 1.45 لاکھ نل کے پانی کے کنکشن کے ہدف کے مقابلے میں 1.21 لاکھ سے زیادہ کنکشن پہلے ہی فراہم کئے جاچکے ہیں۔ صرف سوپور سب ڈویژن میں 45 ہزار کے ہدف کے مقابلے میں 43 ہزار گھریلو نل کے پانی کے کنکشن فراہم کئے گئے ہیں۔مشن ڈائریکٹر نے اِس مقصد کو حاصل کرنے میں مقامی اِنتظامیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ رواں برس ستمبر کے آخیرتک صد فیصد اہداف تک پہنچنے کی کوششوں کو مزید تیز کرے گا۔بعد میں مشن ڈائریکٹر جل جیون مشن نے بوہری پورہ سوپور میں زیر تعمیر واٹر سپلائی سکیم کا موقعہ پر معائینہ کیا۔اِس 11.45 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کئے جانے والے پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد قریبی دیہات کے 1,130 گھروں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔