جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر سب ڈویژن میں کئی رابطہ سڑکیں آہستہ آہستہ کھڈوں میں تبدیل ہو تی جارہی ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں اور ڈرائیوروں کو شدید مشکلات درپیش ہو گئی ہیں ۔سب ڈویژن کی ہرنی گلہوتہ تین کلو میٹر سڑک کی حالت نہایت ہی خستہ ہے اور اب گاڑیوں کا سڑک پر چلنا مشکل ہو گیا ہے۔ لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کے اعلیٰ آفیسران کو تنقید کی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب سے یہ سڑک بنی ہے اِس پر دوبارہ کوئی کام نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے اب سڑک بڑے بڑے کھڈوں میں تبدیل ہو نا شروع ہو گئی ہے ۔لوگوں کا کہنا تھا کہ سڑک کیساتھ ساتھ پل پر بھی کھڈے پڑنا شروع ہو گئے ہیں جن سے انتظامیہ بالخصوص متعلقہ محکمہ کی سنجیدگی کا اندازہ لگایاجاسکتا ہے ۔انہوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ تین کلو میٹر سڑک جوکے محکمہ تعمیرات عامہ کے پاس ہے،گزشتہ کئی عرصہ سے خستہ حال ہو ئی ہے لیکن کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رجوع کرنے کے باوجود بھی اس جانب کوئی دھیان نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اب سڑک کا نکاسی نظام خراب ہو گیا ہے جس کی وجہ سے صورتحال مزید بگڑنا شروع ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کو درست کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو متحرک کیاجائے تاکہ عام لوگوں و ڈرائیوروں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔