ہرنی گلہوتہ سڑک کی تارکول اکھڑگئی اورڈنگے گر گئے

مینڈھر//اگرچہ ہرنی گلہوتہ سڑک پرچندماہ قبل محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی طرف سے تارکول بچھانے کے ساتھ ساتھ ڈنگے تعمیرکئے تھے لیکن چندہی مہینوں کے اندر تارکول اکھڑنے پرلوگوں نے محکمہ پرغیرمعیاری تارکول اورڈنگے تعمیرکرواکرلوگوں کوبیوقوف بنانے کاالزام عائد کیاہے۔تفصیلات کے مطابق ہرنی گلہوتہ سڑک پر چند ماہ قبل محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے بلیک ٹاپ کرنے کے بعد پلیاں اور ڈنگے بنا کر سڑک کو ٹریفک کی آمدروفت کے قابل بنایا تھا جس کی وجہ سے ایک بڑی آبادی والے علاقے کے لوگوں نے راحت کی سانس لی تھی۔لوگوں نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے اعلی ملازمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سڑک پر غیر معیاری کام کیا گیا ہے اور چند ماہ قبل گاڑیوں کیلئے تیار ہونے والی سڑک گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے گذشتہ روز بند ہو گئی ہے کیونکہ غیر معیاری کام کی وجہ سے سڑک کے کئی ڈنگے بہہ گئے ہیں جس سے گاڑیوں کا چلنا سڑک پر بند ہو گیا ہے اور لوگوں کو کئی قسم کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ کئی جگہوں سے بلیک ٹاپ بھی اکھڑ گئی ہے جبکہ معمولی بارش ہونے کے بعد سڑک پر کئی ڈنگے گر گئے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ڈھنگے بناتے وقت محکمہ کے ملازمین نے غیر معیاری سامان استعمال کرنے کی ٹھیکیدار کو اجازت دی جس کے بعد سڑک کی نالیاں بھی نہیں بنائی گئی اور صرف سڑک کو گاڑیوں کی چلنے کے قابل بنایا گیا جبکہ مزید کام سڑک پر نہیں کیا گیا اور نالیاں نہ ہونے کی وجہ سے کئی ڈھنگے بارشوں کے دنوں میں بہہ گئے جس سے گاڑیوں کی آمدروفت بند ہو گئی اور لوگوں کو کئی کلو میٹر پیدل چلنے پر متعلقہ محکمہ نے مجبور کر دیا کیونکہ ہرنی سے گلہوتہ کی طرف جا رہی سڑک پر سینکڑوں لوگ دن بھر سفر کرتے ہیں اور بڑی آبادی پر یہ علاقہ مشتمل ہے ۔انھوں نے ضلع انتظامیہ و ریاستی گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ ایک ٹیم کو موقعہ پر بھیج کر سڑک کا جائزہ لیا جائے اور جن لوگوں نے غیر معیاری سامان کا سڑک پر استعمال کیا ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور فوری طور سڑک کو گاڑیوں کی آمدروفت کے قابل بنایا جائے تاکہ لوگوں کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس سلسلہ میں جب متعلقہ محکمہ کے ایک آفیسر سے بات کی تو اس کا کہنا تھا کہ سڑک کا جہاں سے غیر معیاری کام ہوا ہے ٹھیکیدار کو کئی سالوں تک سڑک کو ٹھیک کرنا ہے اس کی ذمہ واری ہے البتہ اگر کوئی ڈنگہ بارشوں کا پانی آنے سے بہہ گیا ہے تو اس کو جلد دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔