ہجواہ آتشزدگی متاثرین کی مدد کیلئے متحدہ امدادی کمیٹی کی تشکیل، عوام سے مدد کی اپیل

بانہال // ضلع رام بن کی تحصیل کھڑی کے ہجواہ گائوں میں حالیہ آتشزدگی سے خاکستر ہوئے رہائشی مکانات کو از سر نو تعمیر کرنے کیلئے متاثرین کو مشورے اور مرحلہ وار طریقے سے مالی و نقدی امداد بہم پہنچانے کی غرض سے تحصیل کھڑی اور بانہال کی درجن بھر انجمنوں نے مل کر ایک متحدہ امدادی کمیٹی کو تشکیل دیا ہے۔ اس بات کا اعلان اتوار کے روز سب ڈویڑن بانہال کے مہو علاقے میں متحدہ امدادی کمیٹی کے نو منتخب صدر  مفتی خورشید عالم نے سب ڈویڑن کی مختلف انجمنوں کے ذمہ داروں، معززین علاقہ اور سرپنچ مہو عبدالرحمان بٹ کے ہمراہ ایک مشترکہ اجلاس میں کیا۔ متحدہ امدادی کمیٹی بانہال اور تحصیل کھڑی کی ممتاز دینی و سماجی انجمنوں پر مشتمل ہے۔تمام انجمنوں کے زعماء نے اتوار کے روز مہو کی سر سبز وادی میں جمعیت علماء سے وابستہ حافظ مفتی خورشید عالم قاسمی کی قیادت میں ایک اہم اجلاس میں شرکت کی جس میں اس امدادی کمیٹی کے خدوخال ، طریقہ کار اور لائحہ عمل کا خاکہ کھینچا گیا اور آئندہ کی کاروائی اور طریقہ کار پر غور وخوص کیا گیا۔ اس موقع پر با اتفاق رائے متحدہ امدادی کمیٹی کی تشکیل دی گئی اور مفتی خورشید عالم کو صدر کمیٹی ، سوشل ویلفیئر ایسوسیشن بانہال کے منظور احمد وانی کو جنرل سکریٹری ، جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے کیلئے سلام فاونڈیشن مہو کے شوکت ارشاد ، مقامی تحویل داری کا کام ہجواہ کے فیاض احمد سرخ ، بشیر احمد سرخ ،  شبیر احمد اور محمد رمضان سرخ مشترکہ طور انجام دیں گے جبکہ خزانچی و بنک کھاتہ کی ذمہ داری رضاکار انجمن وائس آف بانہال کے ایڈوکیٹ خورشید رمضان ، اوقاف کمیٹی مہو کے عبدالر شید بٹ اور جمعیت علماء و ائمہ کے رکن مولوی عطا اللہ مفتاحی مشترکہ طور انجام دیں گے ۔تمام انجمنوں سے وابستہ شرکا ء نے اس  بات کا مشترکہ فیصلہ کیا کہ متحدہ امدادی کمیٹی کی رجسٹریشن اور بنک اکاؤنٹ کی کاغذی لوازمات پوری کرنے کے بعد تمام انجمنوں کی طرف سے ہجواہ آتشزدگی متاثرین کنبوں کیلئے جمع کی گئی رقم متحدہ امدادی کمیٹی کے بنک کھاتہ میں داخل کی جائے گی اور وہاں سے ہی متاثرین کی مرحلہ وار طور مدد کی جائے گی۔مہو میں منعقدہ میٹنگ کے بعد متحدہ امدادی کمیٹی کے وفد نے ہجواہ گاؤں میں متاثرین سے ملاقات کرکے انہیں فوری طور پر تعمیرات شروع کرنے کا مشورہ دیا اور متحدہ امدادی کمیٹی اپنے طور سے مدد کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے متاثرین کو "ہمت مرداں مدد خدا" کے قول کی ترغیب دے کر یقین دلایا گیا کہ ان کے تعمیرات مکانات کی تکمیل تک ہر قسم کی ممکنہ امداد اور وقت وقت پر مشوروں سے نوازنے کیلئے کمیٹی انکے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی تاکہ موسم سرما شروع ہونے تک انکے تباہ شدہ مکانات کو قابل رہائش بنایا جا سکے۔متحدہ امدادی کمیٹی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ہجواہ آتشزدگی متاثرین کی مدد کیلئے ایک درجن کے قریب ان دینی  اور سماجی انجمنوں کے مشترکہ اتحاد کی بھرپور مدد کریں تاکہ آپ کے تعاون سے ان تباہ حال کنبوں کی ایک پلیٹ فارم سے منظم طور سے مدد کی جاسکے۔ اس سلسلے میں متحدہ امدادی کمیٹی کے بنک کھاتہ نمبر کو کمیٹی کی رجسٹریشن کے بعد شیئر کیا جائے گا۔