’ہتھیار چھوڑ و، واپس آجائو‘ ملی ٹینٹ بھائی سے بھائی کی اپیل

فیاض بخاری

بارہمولہ//ایل ای ٹی کے ایک ملی ٹینٹ کے بھائی نے اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد بھائی سے امن کے مفاد میں ہتھیار ڈالنے کی اپیل کی۔سرگرم ملی ٹینٹ عمر لون، جو کئی مقدمات میں مطلوب ہے،کے بھائی روف احمد لون نے کہا”ووٹ دینا میرا حق ہے، اس لیے میں نے اپنا ووٹ ڈالا، میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنا ووٹ ڈالیں کیونکہ اس کے بعد ترقیاتی کام ہوں گے، پولنگ بوتھ پر آئیں اور اپنا ووٹ ضائع نہ کریں‘‘۔انہوںنے پٹن میں نامہ نگاروں کو انمٹ سیاہی سے بھری ہوئی انگلی دکھائی اور اپنے بھائی سے ہتھیار چھوڑنے اور اپنے خاندان کے پاس واپس آنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا”میں اپنے بھائی عمر سے (سیکیورٹی فورسز کے سامنے) ہتھیار ڈالنے کی اپیل کرتا ہوں، اگر وہ ایسا کرتا ہے تو یہ بہت بہتر ہوگا، وہ اپنی ماں اور خاندان کے پاس واپس آجائے گا‘‘۔اس سال اپریل میں عمر کی والدہ نے بھی ان سے فورسز کے سامنے ہتھیار ڈالنے کی اپیل کی تھی۔