زاہد بشیر
گول//ضلع ریاسی کے تحصیل تھرو بدھن میں قریبا ً ایک ہفتے سے مڈل سکول لگا تار مقفل ہے جس وجہ سے مقامی طالب علم کافی پریشان ہیں ۔ مڈل سکول ہاڑی والا پنچایت بدھن بی کلسٹر مہور میں آتا ہے ۔ مقامی سماجی کارکن ریاض لون نے کشمیر عظمیٰ ٰکے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے یہاں پر سرکاری مڈل سکول بند پڑا ہوا ہے اور بچے گھروں میں بیٹھے ہیں اور اس سکو ل میں چھ اساتذہ تعینات ہیں کوئی بھی استاد سکول نہیں آ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب اس سلسلے میں ان اساتذہ سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ سکول میںکام لگا ہوا ہے اور یہاں پر جگہ نہیں ہے لیکن اگر کسی سکول کو کام لگا تو کیا بچوں کی تعلیم کو بندکرنا پڑے گا ،اگر چہ یہ سارا نظام وانصرام بچوں کی تعلیم کے لئے ہی ہو رہا ہے ۔ریاض احمد کا کہنا ہے کہ مقامی سرپنچ سے بھی سکول بند ہونے کی خبر سے واقف کرایا تھا لیکن اندرونی طور پر وہ سارے معاملے کو جانتا تھا اور وہ سکول بند ہونے پر کوئی کاروائی کرنے سے قاصر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر الٹی گنگا بہتی ہے جس وجہ سے یہاں پر غریب بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ اس سلسلے میں ایس ڈی ایم کو بھی مطلع کیاتھا لیکن انہوں نے اس مسئلے کوغیر سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان سنی کر دی ۔ ریاض احمد نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائے کہ آیا سکول کو ایک ہفتے تک کیوں بند رکھا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں اگر چہ کشمیر عظمیٰ نے زیڈ ای او مہور ، سی ای او ریاسی سے فون پر بات کرنے کی کوشش کی لیکن دونوں آفیسران کے موبائل فون سوچ آف آ رہے تھے ۔