ہاوس بوٹ صنعت کیلئے مالی پیکیج منظور کیا جائے:سوز

سرینگر//ہاوس بوٹ صنعت کی زبوں حالی پر سابق مرکزی وزیرپروفیسر سیف الدین سوزنے افسوس کااظہار کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیرملکی سیاحوں کے آنے میں کمی کی وجہ سے ہاوس بوٹ مالکان کی معاشی حالت انتہائی خراب ہوگئی ہے ،جبکہ کووِڈ- 19کی وبائی صورتحال نے ان کے مصائب میں اور زیادہ اضافہ کیا ہے۔پروفیسر سوزنے اس سلسلے میں لیفٹینٹ گورنر کے نام ایک مکتوب میں اس صنعت کیلئے ایک مالی پیکیج منظور کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ ہاوس بوٹ مالکان نئے ہاوس بوٹ تعمیر کرکے اپنا روزگار کماسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کووِڈ کی وبا نے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں کمی کی وجہ سے اس صنعت کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا۔انہوں نے لیفٹینٹ گورنر سے درخواست کی کہ وہ ہاوس بوٹ مالکان کی انجمن کے صدر جی آر سیاح کو اپنے دفتر مدعو کرے تاکہ وہ اپنی حالت زار بیان کرکے ضروری مددطلب کرے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر اس سلسلے میں جلد از جلد کارروائی شروع کریںگے۔