ہانگاپرائمری سکول میں اساتذہ کی غیر حاضری کی ویڈیو وائرل ڈی سی نے زیڈ ای او اکھرال کی تنخواہ روکنے اور انکوائری کرنے کا حکم دیا

ایم ایم پرویز
رام بن// ڈپٹی کمشنر رام بن نے اُس وقت چیف ایجوکیشن آفیسر رام بن کو انکوائری کرنے کی ہدایت کی اورزونل ایجوکیشن آفیسر اکھرال کی تنخواہ روکے رکھنے کے احکامات جاری کیے جب ایک شخص کی جانب سے سوشل میڈیا پر گورنمنٹ پرائمری سکول ہانگا، ایجوکیشن زون می اکھرال میں اساتذہ کی غیر حاضری کی ایک مختصر ویڈیو پوسٹ کی گئی ۔ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے ایک حکم نامہ کے ذریعے چیف ایجوکیشن آفیسر رام بن کی توجہ ایک ویڈیو کی طرف مبذول کرائی جسے ایک نریندر سنگھ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ مورخہ17اپریل(ہفتہ) کو گورنمنٹ پرائمری سکول ہانگا، ایجوکیشن زون اکھرال میں اساتذہ غیر حاضرتھے۔پس منظر کی کمنٹری کے ساتھ مختصر ویڈیو میں کلاس رومز کو بند اور بچوں کو کھلے میں کھیلتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ہفتہ کو مذکورہ ویڈیو میں مذکورہ سکول سے اساتذہ کی مبینہ غیر حاضری کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے سی ای او کو ہدایت کی کہ واقعہ کی فوری انکوائری کی جائے اور سات دن کے اندررپورٹ پیش کی جائے۔انہوںنے سی ا ی او کو لکھا’’آپ کی تحقیقات کو اس بات پر بھی توجہ مرکوز کرنی چاہیے کہ کس طرح ایک باہری شخص گورنمنٹ سکول کے احاطے میں داخل ہونے اور ایک ویڈیو بنانے میں کامیاب ہوا، جس سے سکول کے بچوں کی حفاظت کے بارے میں بھی خدشات پیدا ہوتے ہیں‘‘۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اگلے احکامات تک زونل ایجوکیشن آفیسر کی تنخواہ روکی جائے۔