ہارٹی کلچر شعبہ کو وسعت دینے کی خاطر کوشاں :ناظم باغبانی

سرینگر//ڈائریکٹر ہارٹی کلچر نے شوپیاں اور پلوامہ اضلا ع میں نرسریوں اور محکمہ کے پروجیکٹوں کا معائنہ کیا۔ انہوںنے اس موقع پر افسران کو ہدایت دی کہ وہ لگن اور تن دہی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ ڈائریکٹر اعجاز احمد نے شوپیاں اور پلوامہ اضلاع میںمحکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ اُن کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر اور چیف ہاٹی کلچر افسران بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر موصوف نے کیلر شوپیاں میںپروجیکٹ کا جائزہ لیا۔ انہوںنے وہاں پر تعینات عملے کو بتایا کہ باغ مالکان کو معیاری بیچ اور پودے میسر رکھنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ مرکزی سرکار ہارٹی کلچر شعبے کو فروغ دینے کی خاطر زمینی سطح پر کام کر رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مرکزی معاونت والی متعدد اسکیموں کا پہلے ہی اعلان کیا گیا ہے اور باغ مالکان کو ان اسکیموں سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر نے ضلع میں پیک ہائوسز ، ٹیو ب ویلز اور دوسرے اہم کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوںنے رنگوار نرسری میں بور ویل نصب کرنے کی سراہنا کی ہے۔ پلانٹیشن پروگرام کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ڈائریکٹر نے بتایا کہ ماحول کو صاف و ستھرا رکھنے کی خاطر پودے غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پھل دار پودے نصب کرنے کے دو فائدے ہیں ایک تو ماحول صاف ہوتا ہے دوسرا یہ کہ باغ مالکان اس سے کماتے بھی ہیں۔ ڈائریکٹر نے عملے کو ہدایت دی کہ وہ تن دہی اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض نبھائے اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات کریں۔