ہارٹیکلچر سکل ڈیولپمنٹ ادارہ کا قیام زیر غور: بشارت بخاری

سرینگر//محکمہ باغبانی ریاست میں ہارٹی کلچر سکل ڈیولپمنٹ ادارے قائم کرنے پر غور کر رہی ہے تا کہ میوہ اُگانے والوں کو اُن کی پیداوار میں اضافہ کر نے اور معیار بڑھانے میں مدد مل سکے۔ ان باتوں کا اظہار باغبانی، قانون، انصاف و پارلیمانی امور کے وزیر سید بشارت بخاری نے آج یہاں محکمہ کے سینئر افسروں کے ساتھ میٹنگ کے دوران کیا۔میٹنگ میں سیکریٹری ہارٹی کلچر منظور احمد لون، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر کشمیر منظور احمد قادری کے علاوہ محکمہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ میں محکمہ کی اُن کوششوں پر سیر حاصل بحث ہوئی جو محکمہ میوہ اگانے والوں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں ہوئی۔میٹنگ کے دوران یہ طے پایا گیا کہ ریاست میں سکل ڈیولپمنٹ ادارے قائم کئے جائیں گے جہاں میوہ اگانے والوں کے لئے تمام سہولیات دستیاب ہوں گی۔ اس موقعہ پر وزیر موصوف نے کہا کہ فارمر پروڈیوسرآرگنائیزیشن/ فارمرس انٹرسٹس گرؤپ ریاست کے ہر ایک ہارٹی کلچر زون میں تشکیل دیئے جائیں گے۔ میٹنگ میں مشن فار انٹی گریٹیڈ ڈیولپمنٹ آف ہارٹی کلچر کی تجاویز کا بھی جائیزہ لیا۔