ہارترٹھ سمبل سڑک خستہ حالی کا شکار

بارہمولہ//پٹن کے ہارترٹھ سنگپورہ علاقے میں مقامی لوگوں اور ٹرانسپورٹروں نے پیر کوآراینڈ بی محکمہ کے خلاف احتجاجی دھرنا دیتے ہوئے کہا کہ ہارترٹھ سمبل سڑک کی خستہ حالی کے نتیجے میں انہیں سخت مشکلات درپیش ہیں۔احتجاجی مظاہرین نے بتایا کہ ہارترٹھ سے سمبل سڑک  کو گزشتہ بیس سالوں سے مسلسل نظرانداز کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں ، مریضوں اورٹرانسپورٹروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ سوموار کو سینکڑوں لوگوں نے ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ہمراہ ہارترٹھ میں محکمہ آر اینڈ بی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ سڑک پچھلے 20 سالوں سے نظراندازہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ کئی بارمقامی آبادی نے احتجاجی راستہ اختیار کرکے متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کی کوشش کی لیکن ہمیشہ یقین دہانیوں سے ہی بہلایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کی آبادی کو بہت سارے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس دوران نائب تحصیلدار پٹن اور مرگنڈ پولیس نے موقع پر پہنچ کرمظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے جس کے بعد احتجاجی لوگ پرُامن طور منتشر ہوئے ۔