ہائی و ہائیر سیکنڈری سطح کے سالانہ امتحانات

سری نگر//ماہ اکتوبرکے اوائل سے ماہ دسمبرتک 13مراحل میں کرائے جانے والے بلدیاتی اورپنچایتی انتخابات کے پیش نظردسویں اوربارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے اوقات کار کولیکرپائی جانے والی غیریقینی صورتحال کے بیچ اسٹیٹ بورڈآف اسکول ایجوکیشن نے امتحانی شیڈول منظوری کیلئے ریاستی انتظامی کونسل کے پاس بھیج دیاہے۔اس دوران بورڈنے یہ بھی واضح کردیاکہ امسال 11ویں جماعت کے امتحانات BOSEکے ذریعے ہی لئے جائیں گے۔کشمیرگزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیروادی میں پرائمری سے ہائراسکنڈری سطح تک کے سالانہ امتحانات ماہ اکتوبرسے لئے جاتے ہیں ۔اول تک ساتویں جماعت اور9ویں و11ویں جماعت میں زیرتعلیم طلباء اورطالبات کے سالانہ امتحانات اسکول میں ہی لئے جاتے رہے ہیں جبکہ 10ویں اور12ویں جماعت کے سالانہ امتحانات بورڈآف اسکول ایجوکیشن کے ذریعے لئے جاتے ہیں ،اورآٹھویں جماعت کے سالانہ امتحانات اسٹیٹ انسٹی چیوٹ آف ایجوکیشن کے ذریعے لئے جاتے ہیں ۔گورنرانتظامیہ کی جانب سے بلدیاتی اورپنچایتی انتخابات کرانے کے پیش نظر امسال دسویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات ممکنہ طورپرمقررہ وقت پر نہیں لئے جائینگے ، جبکہ اس حوالے سے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیرڈاکٹر جی۔ این۔ ایتو نے گزشتہ دنوں بورڈ آف اسکول ایجوکیشن حکام کو ایک خط بھیج کر یہ استدعا کی کہ امسال سالانہ امتحانات کوموخر کیاجائے تاہم ناظم تعلیمات کشمیر نے اس کی وجہ انتخابی عمل نہیں بلکہ یہ قرار دیا کہ رواں برس ہڑتال اور دیگر وجوہات کی بناء پر چونکہ طالبعلم اپنا نصاب ابھی تک مکمل نہیں کرپائے ہیں ، اس لئے امتحانات کو کچھ ماہ کے لئے موخر کیاجائے۔ چونکہ امسال ریاست میں ماہ اکتوبرکے اوائل سے ماہ دسمبرتک میونسپل اورپنچایتی انتخابات کرائے جارہے ہیں توایسے میں دسویں اوربارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات کولیکر غیریقینی صورتحال پیداہوئی ہے ،اوردونوں جماعتوں میں زیرتعلیم ہزاروں طلباء وطالبات ،اُنکے والدین اورحتیٰ کہ مدرسین میں بھی یہ تذبذب پایاجاتاہے کہ دسویں اوربارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات کب لئے جائیں گے ۔اس دوران ریاستی بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے سیکرٹری برائے شعبہ امتحانات سیدرئوف نے کہاکہ بورڈھٰذانے اپنی جانب سے 10ویں ،11ویں اور12ویں جماعت کے سالانہ امتحانات کاشیڈول مرتب کرلیاہے ۔انہوں نے کہاکہ تینوں جماعتوں کے سالانہ امتحانات ماہ اکتوبرکے تیسرے ہفتے سے لینے کامنصوبہ بنایاگیاہے تاہم سیدرئو ف نے کہاکہ بورڈھٰذانے 10ویں ،11ویں اور12ویں جماعت کے سالانہ امتحانات کیلئے مرتب کردہ شیڈول یاامتحانی اوقاتِ کارمنظوری کیلئے ریاستی گورنرکے متعلقہ مشیرخورشیداحمدگنائی کے پاس منظو ری کیلئے بھیج دیاہے ۔سیکرٹری شعبہ امتحانات سیدرئوف کاکہناتھاکہ اب یہ متعلقہ مشیراورریاستی انتظامی کونسل کی صوابدیدپرمنحصرہے کہ وہ کیاحتمی فیصلہ لیتی ہے۔