سمت بھارگو
راجوری//ہائی سیکورٹی رجسٹریشن پلیٹ سے متعلق ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے، راجوری اور پونچھ اضلاع میں ٹریفک پولیس نے چار دنوں میں 425 گاڑیوں کو ضبط کیا ہے جس کے ساتھ علاقے کے تمام ٹریفک پولیس سیکٹرز میں مہم جاری ہے۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ، آفتاب شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہائی سیکورٹی رجسٹریشن پلیٹ کے استعمال کے بارے میں حکومت کی طرف سے واضح ہدایات ہیں جس کے لئے متعدد ایڈوائزری جاری کی گئی ہیں اور لوگوں کو اپنی گاڑیوں پر ہائی سیکورٹی رجسٹریشن پلیٹ لگانے کیلئے کافی وقت دیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ بہت سے لوگوں نے ہدایات کی پیروی کی اورمذکورہ پلیٹ چسپاں کروائی ہیں لیکن اب بھی بہت سے ایسے ہیں جو ان ہدایات پر توجہ نہیں دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے بغیر HSRP کے تمام گاڑیوں کو ضبط کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں اور راجوری اور پونچھ اضلاع میں ٹریفک پولیس نے جمعرات سے اپنے تمام سیکٹروں میں بڑے پیمانے پر مہم شروع کی ہے۔آفیسر موصوف نے بتایا کہ ’’ہم نے اب تک مختلف نوعیت کی 425 گاڑیاں ضبط کی ہیں اور یہ تمام گاڑیاں حکومت کی ہدایت کے مطابق ضبط کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اتوار کو 110 گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں جبکہ ہفتہ کو 102 گاڑیاں ضبط کی گئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جمعہ اور جمعرات کو بالترتیب 104 اور 109 گاڑیاں ضبط کی گئیں۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ محکمہ آئندہ بھی اپنی کارروائی جاری رکھے گا اور قاعدہ کیخلاف ورزی کرنے والی تمام گاڑیوں کو ضبط کرلیا جائے گا ۔