سرینگر// ’ہائی سیکورٹی رجسٹریشن پلیٹ‘‘ کے بغیر گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کرتے ہوئے محکمہ ٹرانسپورٹ نے متنبہ کیا کہ15مئی تک اپنی گاڑیوں میںیہ پلیٹ نصب نہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ اس بات کی رپورٹیں موصول ہوئیں ہے کہ ریاست میں’ہائی سیکورٹی رجسٹریشن پلیٹ‘‘ نصب کرنے کے بغیر ہی کافی تعداد میں گاڑیاں نقل و حرکت کر رہی ہیں،جو کہ عدالت عظمیٰ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ ٹرانسپورٹ کمشنر ڈاکٹر ایس پی وید نے اس سلسلے میں ایک حکم نامہ زیر نمبرTC/JK/MV/2019/3091-3118 محرر18اپریل2019جاری کیا ہے،جس میں کہا گیا’’ تمام گاڑیوں میں ’ہائی سیکورٹی رجسٹریشن پلیٹ‘‘ نصب کرنا پہلے ہی ٹرانسپورٹ کمشنر جموں کشمیر نے نوٹیفکیشن زیر نمبرTC/JK/2012/4521-47 محرر24مئی 2012کے تحت لازمی قرار دیا ہے،اس لئے اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘‘ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ابھی تک جن لوگوں نے اپنی گاڑیوں میں ’ہائی سیکورٹی رجسٹریشن پلیٹ‘‘ نصب نہیں کئے ہیں،انہیں یہ پلیٹ نصب کرنے کیلئے آخری موقعہ دیا جاتا ہے۔ حکم نامہ کے مطابق’’ان گاڑی مالکان کو حتمی موقع دیا جاتا ہے،جنہوں نے اب تک ’ہائی سیکورٹی رجسٹریشن پلیٹ‘‘ نصب نہیں کئے ہیں،کہ وہ تسلیم شدہ دکانوں سے رابطہ قائم کر کے اپنی گاڑیوں میں یہ پلیٹ15مئی تک نصب کریں،جس کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘‘اس دوران غیر تسلیم شدہ دکانداروں کو بھی انتباہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر کسی بھی دکاندار کو نمبر پلیٹ نصب کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔حکم نامہ میں غیر تسلیم شدہ دکانداروں،تجارتی فرموں، اور انفرادی سطح پر نمبر پلیٹ نصب کرنے والوں کو اس غیر قانونی عمل سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکم نامہ میں رجسٹریشن حکام اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ریاست میں تمام گاڑیوں میں ’ہائی سیکورٹی رجسٹریشن پلیٹ‘‘ کے نفاذ کو یقینی بنائے۔
ہائی سیکورٹی رجسٹریشن نمبر پلیٹ
