ہائی سکول سلواہ کا درجہ بڑھانے کافیصلہ

مینڈھر //ہائی سکول سلواہ کا درجہ بڑھائے جانے کے فیصلے پر جہاں سلواہ میں مقامی لوگوںنے جشن مناتے ہوئے ممبراسمبلی جاوید رانا کے حق میں نعرے بازی کی وہیں پٹھانہ تیر کے لوگوںنے موصوف کے خلاف نعرے بازی کی ۔سلواہ میں نیشنل کانفرنس کے ضلع سیکریٹری شوکت چوہدری کی صدارت میں ایک پروگرام منعقد کیاگیاجس دوران بچوں نے بھی جم کر ہائر سکنڈری سکول کے متعلق جشن منایا۔ ہائی سکول سلواہ کے احاطہ میں جشن منانے کے لئے سکولی بچوں کے علاوہ ان کے والدین بھی موجود رہے۔مقامی لوگوںنے ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول سلواہ کو ہائر سکنڈری سکول کا درجہ دلایاہے ۔ان کاکہناتھاکہ اس سے قبل انہوںنے سلواہ کو ماڈل ٹائون کا درجہ دلایااوربچوں کے کھیل کود کے لئے ایک سٹیڈیم بنوایا ۔اپنے خطاب میں شوکت چوہدری نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایم ایل اے مینڈھر کو مبارک باد پیش کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم ایل اے تعمیر و ترقی کے سلسلہ میں مینڈھر اسمبلی حلقہ کو ماڈل اسمبلی حلقہ بنانا چاہتے ہیں جس کے لئے وہ دن رات کام کر رہے ہیں۔وہیں پٹھانہ تیر میں سکولی بچوں اوران کے والدین و معززین نے انتظامیہ اور سرکار کے ساتھ ساتھ ممبراسمبلی کے خلاف بھی نعرے بازی کی ۔مقامی لوگوں کاکہناتھاکہ پٹھانہ تیر ایک پہاڑی علاقہ ہے جہاں ہائر سکنڈری سکول کا درجہ ملنا بہت ضروری تھا تاہم ایک گہری سیاسی سازش کے تحت اس علاقے کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ کے پونچھ دربار میں بھی ایک وفد نے سکول کادرجہ بڑھانے کی مانگ کی تھی لیکن جان بوجھ کر سلواہ کو ہائر سکنڈری سکول کا درجہ دیاگیا جو ان کا حق تھا۔سکولی طلباء نے بھی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور مانگ کی کہ سکول کادرجہ بڑھایاجائے ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر پٹھانہ تیر ہائی سکول کو ہائر سکنڈری کا درجہ نہ دیا گیا تو یہ احتجاج تحصیل ہیڈ کوارٹر تک پہنچ سکتا ہے۔اس موقعہ پر سابق فارسٹر شمیم خان ،چوہدری عبد الرحمن ،چوہدری محمد حنیف، ،فیصل حسین شاہ وغیرہ نے کہاکہ پٹھانہ تیر علاقہ کے گرد و نواع میں کالابن،گلی کالابن،ڈنہ شاہستار، سلواہ کے علاقہ جات ہیں اور اس علاقے میں ہائراسکینڈری سکول کا ہونا لازمی تھالیکن اسے نظرانداز کردیاگیاہے ۔انہوں نے سکول کادرجہ بڑھانے کی مانگ کی ۔