ہائی سکول تمنہ کرالہ پورہ انتظامیہ کی نظرو ں سے اوجھل

کپوارہ//کرالہ پورہ تعلیمی زون کے تحت آنے والے سرکاری ہائی سکول تمنہ کی حالت ناگفتہ بہ ہے ۔چوکی بل سے ایک کلو میٹر دور نالہ کہمل پر واقع تمنہ نامہ گائوں میں موجود یہ ہائی سکول ایک جنگلی علاقے میں قائم ہے جہا ں اکثر و بیشتر خطرہ لا حق رہتا ہے لیکن ابھی تک ہائی سکول کے لئے کوئی نئی عمارت تعمیر نہیں کی گئی ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ سکول عمار ت کے ارد گرد ابھی تک دیوار بند ی بھی نہیں کی گئی ۔ سکولی عمارت گا ئو ں کے ایک طرف قائم ہونے کے نتیجے میں شرپسندعناصر نے دیوار بندی کی عدم دستیابی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کو نقصان پہنچایا ۔مقامی لوگو ں کے مطابق عمارت کی کھڑکیو ں،چھت اور دوسرے حصوں کو نقصان پہنچانے کی وجہ سے یہ عمارت غیر محفوظ بن گئی ہے  ۔لوگوں نے اس ضمن میں حکام سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔