ہائیر سیکنڈری سکول بانہال میں کوئز مقابلہ

بانہال // حلقہ انتخاب بانہال میں جاری SWEEP مہم کے تحت ہائیر سیکنڈری سکول بانہال میں ایک کوئز مقابلے کا انعقاد کیا گیا اور نئے رائے حق دہندگان کو اپنا حق استعمال کرنے کی طرف راغب کرنے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پراسسٹنٹ الکٹرول افیسر شفیق احمد وانی جو تحصیلدار بانہال بھی ہیں مہمان خصوصی کے طور مدعو تھے۔ لوگوں خاص کر اٹھارہ سال کی عمر کے طالب علموں کو رائے دہی کے حق کے بارے میں جانکاری دی گئی اورانہیں اپنا ووٹ دینے اور ووٹ کیلئے اندراج کرنے کی تلقین کی گئی۔سوئپ کی یہ مہم اس ماہ کے اخر تک جاری رہے گی۔اس نسبت سے حلقہ انتخاب بانہال کی ہائیر سکینڈری سکولوں سے وابستہ6 سکولی ٹیموں نے ایک کوئز مقابلے میں حصہ لیا جس میں ہائیر سیکنڈری سکول گرلز بانہال نے پہلی ،ہائیر سیکنڈری سکول بوائز بانہال نے دوسری اور ہائر سیکنڈری سکول کھڑی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پہلی تین امتیازی پوزیشنیں حاصل کرنے والی ٹیموںکو ٹرافیوں اور اسناد سے نوازہ گیا جبکہ مقابلے میں حصہ لینے والے دیگر اداروں کے بچوں میں بھی انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر انگریزی لیکچرار ریاض احمد سوہل کوئیز ماسٹر کے طور تعینات تھے اور انہوں نے نظامت کے فرائض بھی انجام دیئے۔ اس کے علاوہ اس موقع ایس ڈی ایم افس سے عبدالرشید خان ،نائب پرنسپل ہائیر سیکنڈری سکول بانہال عبدالرشید گیری ، لیکچرار منظور احمد کامگار ، ارشاد احمد خان، مدثراحمد ، عاقب احمد اور توصیف احمد کے علاوہ معزز شہری بھی موجود تھے۔