ہائر سکینڈری کی عمارت کو شاہراہ کے پانی سے شدید خطرہ لائق

راجوری //محکمہ گریف کی لاپرواہی کی وجہ سے جموں پونچھ شاہراہ کا پانی گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول دھیری رلیوٹ کے درمیان سے بہنا شروع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے سکول کی عمارت کو شدید خطرہ لائق ہو گیا ہے ۔سکول منتظمین نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں دھیری رلیوٹ میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے سکول کے میدان و حفاظتی دیواروںکو بھی نقصان پہنچا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ گریف کی جانب سے جموں پونچھ شاہراہ کے ایک وسیع حصے سے پانی کی نکاسی کیلئے سکول میں ہی کلوٹ لگا دیاہے جس کی وجہ سے شدید بارشوں کے دوران پانی سکول کے احاطے اور عمارت میں داخل ہو جاتا ہے ۔مقامی معززین نے محکمہ گریف پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی جانب سے جان بوجھ کر نالیوں کا پانی سکول میں لگا دیا گیا ہے تاہم سکول میں شاہراہ کے پانی کی نکاسی کیلئے کوئی بندوبست بھی نہیں ہے ۔غور طلب ہے کہ سکول میں ملحقہ علاقوں کی کئی پنچایتوں کے بچے زیر تعلیم ہیں تاہم اس سے قبل ہی عمارت کی حالت بھی ناقص ہے تاہم محکمہ گریف کی جانب سے مبینہ طور پر لگائے گئے پانی کی وجہ سے سکول کی خستہ حال عمارت کے منہدم ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔سکول انتظامیہ و علاقہ کے معززین نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ گریف حکام کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ سکول میں داخل ہونے والے پانی کو بند کرنے کا بندوبست کیا جاسکے ۔