مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول موہری گرسائی میں لیکچرروں کی 9اسامیوں کیساتھ کل 10پوسٹیں خالی پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے 650کے قریب زیر تعلیم بچوں کو مستقبل تاریک ہو تا جارہا ہے ۔والدین نے بتایا کہ جہاں سکول میں دیگر بنیادوں سہولیات موجود نہیں ہیں وہائیں منظور شدہ لیکچرروں کی 14میں سے 9اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں ۔غور طلب ہے کہ ہائر سکینڈری سکول میں چھ سو سے زائد طلبا ء کیلئے جہاں دیگر بنیادی سہولیات نہیں ہیں وہائیں پانی کا بھی کوئی کنکشن فراہم نہیں کیا گیا ہے ۔مقامی معززین و سٹاف ممبران نے بتایا کہ پانی کا کنکشن نہ ہونے کی وجہ سے ٹائلٹ میں استعمال کرنے کیلئے بارشوں کا پانی جمع کیا جاتا ہے تاہم بارشیں نہ ہونے کی صورت میں ٹائلٹ کمپلیکس ہی بند کرنے پڑتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ 11ویں اور 12ویں جماعت کے طلباء کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے متعلقہ شعبہ و اعلیٰ حکام سنجیدہ نہیں ہیں جس کی وجہ سے سائنس شعبوں کی اکثر اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں ۔مقامی سرپنچ شیراز اظہری نے کہاکہ لاک ڈائون کے چلتے گزشتہ دو برسوں سے سرکاری سکول بند تھے لیکن موہری گرسائی سکول میں خالی اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے اس عرصہ میں بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے جس کی وجہ سے اب بچوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔پنچایتی اراکین و والدین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سکول میں لیکچرروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ بچوں کا نصاب جلد مکمل کیا جاسکے ۔
ہائر سکینڈری سکول موہری گرسائی میں لیکچرروں کی 9اسامیاں خالی | 6سو سے زائد بچوں کو مستقبل تاریک ،دیگر سہولیات بھی دستیاب نہیں
