پونچھ// چوہدری عبدالمجید چیف ایجوکیٹن آفیسر پونچھ نے تعلیمی زون منڈی کے مختلف اسکولوں کا دورہ کرکے اسکولوں کے تعلیمی پہلو کا معائینہ کیا۔ اپنے اچانک دورے کے دوران سی ای او نے ہائی سکول بیدار، پرائمری سکول پوریاں، مڈل سکول میدان، گرلز مڈل سکول ساوجیاں اور ماڈل ہائیر سیکنڈری سکول ساوجیاں کا معائینہ کیا۔ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں میں سی ای او پونچھ نے سکول کے ثقافتی سیل کے زیر اہتمام منعقدہ عید کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ پرنسپل ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں انور خان نے چیف ایجوکیٹن آفیسر کو گلدستہ پیش کر کے خوش آمدید کہا۔ اپنے خطبہ استقبالیہ میں انہوں نے سی ای او کو آگاہ کیا کہ سکول میں لیکچررز کی پانچ، ماسٹرز کی تین، اساتذہ کی دو، کلرک کی تین، لیبارٹری اسسٹنٹ کی دو اور کلاس فور ملازمین کی تین آسامیاں خالی پڑی ہیں۔ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں پونچھ میں طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے چیف ایجوکیشن آفیسر نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اچھی صحبت رکھیں اور ہمیشہ وقت کی قدر کریں۔ انہوں نے معیاری تعلیم کے حصول پر ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں کے سٹاف کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ سی ای او نے کلاس روم کا بھی دورہ کیا اور 10ویں کلاس کے طلباء کے ساتھ گرامر سیشن لیا۔ سی ای او پونچھ نے سکول کے طلباء میں مٹھائی بھی تقسیم کی جبکہ محمد عارف ملک لیکچرار نے کلمات تشکر پیش کئے۔