ہائر سکینڈری سکول بوائز منڈی میں متعدد اسامیاں خالی

عشرت حسین بٹ
منڈی// ہائرسکینڈری سکولبوائز منڈی میں متعدد شعبہ کی اسامیاں خالی ہونے کی وجہ سے بچوں کی پڑھائی کا عمل متاثر ہورہا ہے ۔تحصیل منڈی کے بوائز ہایر سکنڈری سکول میں اکنامکس،ایجوکیشن،انگریزی اور ریاضی مضامین پڑھانے والے اساتذہ کی اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے سکول میں تعلیم حاصل کر رہے بچوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سکول کے طلباء نے اس حوالے سے بتا یا کہ اساتذہ کے نہ ہونے کی وجہ سے ان کی تعلیم پر کافی زیادہ اثر پڑ رہا ہے انکا کہنا تھا کہ اگر چہ ان کی تعلیم کووڈ کی وجہ سے لگاتار دو برس نہیں ہو پائی جس سے وہ کافی پیچھے رہ گئے ہیں لیکن اس سکول میں بھی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اب جبکہ دو سال کے طویل عرصہ کے بعد ایک بار پھر تعلیمی سلسلہ شروع ہوا تھا مگر ان کے سکول میں مختلف مضامین پڑھانے والے لیکچرار کی اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے وہ کافی فکرمند ہیں۔ طلباء کا کہنا تھا کہ سرکار کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد ان کے سکول میںلیکچررز کی تعیناتی عمل میں لائے تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ رابطہ کرنے پر پرنسپل ہائر سکینڈری سکول بوائز منڈی رشپال سنگھ نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ہائر کلاسز کو پڑھانے کیلئے ان کے سکول میں سٹاف ممبران کی کمی ہے جس کی وجہ سے بچے متاثر ہورہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں اعلیٰ حکام کو تحریری طورپر لکھا گیا ہے لیکن ابھی تک اس کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔