ہائر اسکنڈری اسکو ل پلانگڑھ کی اراضی پرناجائزقبضہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

تھنہ منڈی / ہائر اسکنڈری اسکول پلانگڑھ کی طالبات نے  اسکول کی اراضی پرقبضے کے خلاف  احتجاجی مظاہرہ کیا اس دوران سراپااحتجاج طالبات سکول اراضی کوبازیاب کرانے کامطالبہ کررہی تھیں۔جمعرات کے روز گرلز ہائراسکنڈری اسکول پلانگڑھ( ٹھنہ منڈی)  میں زیر تعلیم گیارھویں اور بارھویں جماعت کی طالبات نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ راجوری اور ریاستی گورنر ستیہ پال ملک سے مداخلت کی اپیل کی۔ مظاہرہ کرنے والی طالبات کا کہنا ہے کہ اسکول کی بیشتر اراضی پر پڑوسیوں نے دیدہ دانستہ قبضہ کر کے دھان لگائی ہے۔ طالبات نے مزیدکہاکہ اسکول کی لیبارٹری میں داخل ہونے والے راستے میں غلاظت پھینک کر لیبارٹری میں داخل ہونے والے راستہ کو بند کر دیاگیاہے  جسکی وجہ سے گیارھویں اور بارھویں جماعت کی طالبات لیبارٹری میں پریکٹیکل کے لئے نہیں جا سکتیں۔ انھوں نے کہا کہ طالبات کے لئے آرمی کی طرف سے تعمیر کئے بیت الخلاء کے ڈھانچے کو اٹھاکر پھینک دیا ہے جس پر محکمہ تعلیم کے حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیںجبکہ قابضین کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی جو محکمہ تعلیم کے لئے باعث شرم ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ راجوری اور ریاستی گورنر انتظامیہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ محکمہ تعلیم کے حکام کی خاموشی کو توڑا جائے اور پلانگڑھ ہائر، اسکنڈری اسکول کی اراضی کو ناجائز قابضین سے چھڑایا جائے۔انہوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر ایک ہفتے کے اندر  قابضین کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو اسکولی طالبات سڑکوں پر اترکر نعرہ بازی کریں گی جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ تعلیم کی ہوگی۔