ہائرسکینڈری سکول اُکڑال کے طالب علموں کے ہمراہ کانگریس کا احتجاجی مظاہرہ

محمد تسکین
بانہال // یوتھ کانگریس کے ریاستی ورکنگ فیروز احمد خان کی قیادت میں کانگریس کے لیڈروں نے ہائیر سیکنڈر سکول اکڑال کے بچوں کے ہمراہ ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرین اور طلبا سکول آنے والے بچوں کیلئے ایس آر ٹی سی بسوں ، کرایوں میں پچاس فیصدی رعایت اور ہائیر سیکنڈری میں تدریسی عملے کی تعیناتی کے معاملات کو لیکر نعرے بلند کر رہے تھے۔ اپنے مطالبات کو لیکر احتجاجی مظاہرین نے اْکڑال سڑک کو بند کر دیا تاہم بعد میں تحصیلدار اْکڑال کی مداخلت اور معاملات کو سلجھانے کی یقین دھانی کے بعد رابطہ سڑک کو کھول دیا گیا۔ اس احتجاج کی قیادت ریاستی یوتھ کانگریس کے قائم مقام صدر صدر یوتھ کانگریس فیروز خان کر رہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ سابق ممبر اسمبلی رام بن اور ضلع صدر رام بن اشوک کمار ڈوگرہ ، بی ڈی سی چیئرمین اْکڑال کلدیپ سنگھ بالی اور کانگریس بلاک صدر محمد اسحاق کھانڈے بھی جلسہ کی قیادت کا حصہ تھے۔ احتجاج مین شامل ہائیر سیکنڈری سکول اْکڑال کے طلباء نے انتظامیہ کے خلاف نعرے  بلند کئے اور وہ دور دراز کے علاقوں سے ہائیر سیکنڈری اکڑال پہنچنے والے بچوں کیلئے صبح اور شام کے اوقات میں مناسب بس سروسز اور علاقے میں بچوں اور عام لوگوں کیلئے ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں کی تعداد میں اضافے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر ان کے مطالبات کو جلد از جلد حل نہیں کیا گیا تو وہ احتجاجوں کا سلسلہ تیز کرکے قومی شاہراہ پر اتر ائین گے اور ائیندہ 14 مئی کو بھی ایسے ہی احتجاج کا انتباہ دیا گیا ہے۔ اس موقع پر کانگریس یوتھ صدر فیروز خان نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور انہیں اپنے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کیلئے سڑکوں پر انا پڑ رہا ہے لہٰذا ان کے جائز مطالبات کو فوری طور مان لینا ضلع اور گورنر انتطامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پوگل پرستان ، النباس ، سینا بتی ، رامسو اور مکرکوٹ سے بچوں کوٹرانسپورٹ کی شدید قلت کا سامنا ہے اور وہ یہاں ایس آر ٹی سی بسوں کو چلانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کی وجہ سے بچوں کو پیدل چل کر ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ٹرانسپورٹ کی شدید کمی کی وجہ سے بچوں کا وقت پر سکول اور کالج تک پہنچنا ناممکن عمل بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کی کمی کی وجہ سے بچوں کا بیشتر وقت پیدل اور گاڑیوں کے انتظار میں نکل جاتا ہے اور بچوں کی تعلیم اثر انداز ہو رہی ہے۔ اس موقع پر سابق ممبر اسمبلی رام بن اور ضلع صدر کانگریس  اشوک ڈوگرہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کے مطالبات کو پوار کرنے کیلئے انتظامیہ کو 14 مئی تک کا وقت دیا گیا ہے اور اگر مطالبات نہ حل ہوئے تو اْکڑال کی سڑکوں پر احتجاج کیا جائے گا اور امن و قانون کی بھی صورتحال کی زمہ داری انتظامیہ کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر رام بن کو پولیس کی طرف سے سکول طالبات کو ہراسان کرنے کے معاملے کو دیکھنا چاہئے اور ضلع رام بن میں خاتون ایس ایس پی کی موجودگی میں سکول لڑکیوں کو ہراساں کرنا افسوسناک ہے۔اس موقع پر اپنی تقریر میں بلاک ترقیاتی کونسل اکڑال بلاک کے چیئرمین کلدیپ سنگھ بالی نے کہا کہ وہ سکول جاتے بچوں کے مطالبات کو حل ہونے تک لڑتے رہیںگے اور مطالبات کو منوانے کے بعد ہی دم لیں گے۔