ہائرا سکینڈری سکول منڈی میں میڈیکل کیمپ

منڈی//سب ضلع اسپتال منڈی کی طرف سے گورنمنٹ گرلز ہائر سکنڈری سکول منڈی میں ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں تین سو سے زائد طالبات کا طبی معائنہ کیاگیا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سکول کی پندرہ سے زائد طالبات اچانک بے ہوش ہو گئی تھیں جنہیں بعد ازآں سب ضلع اسپتال منڈی میںعلاج و معالجہ کیا گیا تھا۔ اسی کے پیش نظر منڈی کی سیول سوسائٹی کے کہنے پر بلاک میڈیکل افسر منڈی ڈاکٹر مشتاق حسین کی قیادت میں ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے سکول میں میڈیکل کیمپ لگایا جس میں تین سو سے زائد بچیوں کا علاج ومعالجہ کیا اور ان میں مفت ادویا ت تقسیم کی گئیں۔ اس حوالے سے سکولی طالبات نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گزشتہ کئی دنوں سے سکول کی طالبات اچانک بے ہوش ہو جاتی تھیں جنہیں اسپتال لے جایا جاتا تھا ۔انہوں نے کہا کہ وہ محکمہ صحت کے افسران کے مشکور ہیں جنہوں نے ان کے لئے طبی کیمپ کا اہتمام کیا جس میں بچیوں کا طبی معائنہ کیا گیا اور مفت ادویات بھی دستیاب رکھی گئیں ۔سکول کے پرنسپل محمد لطیف نے کہا کہ کافی عرصہ سے سکول میں سکول کی بچیاں اچانک بے ہوش ہو جاتی تھیں اور سوموار کو ایک ہی ساتھ سکول میں 15 بچیاں بے ہوش ہوگئی تھیں جس کے مد نظر اس طبی کیمپ کا انعقاد کرنا پڑا ۔انہوں نے کہا کہ وہ بلاک میڈیکل افسر منڈی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے سکولی تعطیلات سے ایک روز قبل کیمپ کا اہتمام کیا جس میں بچیوں کو مفت ادویات دی گئی۔ بی ایم او منڈی نے اس حوالے سے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ اکثر بچیاں سکول میں گھر سے بغیر ناشتہ کئے ہوئے آتی تھیں جس کی وجہ سے ان کے جسم میں کمزوری ہوجاتی تھی اور وہ بے ہوش ہو جاتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بچوں میں طاقتی ادویات اور دوسری ضروری ادویات طبی معائنے کے بعد دیں ۔اس موقعہ پر انہوں نے سکولی طالبات کو اچھی غذا وقت پر لینے کی بھی تلقین کی۔