گیلانی کو او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت

سرینگر// حریت(گ)چیرمین سید علی گیلانی کواسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد نے تحریری دعوت نامہ ارسال کیا ہے، جس میں موصوف کو تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل سی ایف ایم  کے 44ویں سیشن میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی ہے۔ یہ اجلاس مغربی افریقی ملک کوٹ دلواری (Cote Dilvoire)کے مشہور شہر آبد جان (Abidjan)میں 10؍اور 11؍جولائی کو منعقد ہورہا ہے اور اس میں او آئی سی (OIC)سے وابستہ ممالک کے وزرائے خارجہ کے علاوہ کئی ممالک کے نمائندے اور سرکردہ شخصیات شامل ہورہی ہیں۔ اجلاس میں متوقع طور مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کے ساتھ ساتھ کئی امورات پر تبادلہ خیالات کیا جائے گا اور آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق منصوبے کو آخری شکل دی جائے گی۔ حریت ترجمان کے مطابق گیلانی سفری دستاویزات کی عدم دستیابی کے سبب مذکورہ اجلاس میں اگرچہ شرکت کرنے سے معذور ہیں البتہ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ مسلم ممالک کا یہ فورم کشمیر اور فلسطین کے مسائل کے حوالے سے زیادہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گا اور مجوزہ اجلاس میں جموں کشمیر میں جاری حقوقِ بشر کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لیکر ان کے خلاف احتجاج بلند کیا جائے گا۔ گیلانی نے کہا کہ او آئی سی (OIC)جب تک قراردادیں پاس کرانے سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات نہیں اُٹھاتی اور اپنے وجود کو منوانے کی سعی نہیں کرتی، تب تک یہ اُمتِ مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں کوئی مثبت رول ادا کرنے سے قاصر رہے گی۔