گیلانی کا کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار رنج

سرینگر//حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی اہلیہ کے انتقال پر غمزدہ خاندان کے ساتھ اپنی دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کے حق میں دُعائے مغفرت کی۔ لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کلثوم نواز کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔فرنٹ بیان کے مطابق یاسین ملک کی اہلیہ مشعل ملک نے لاہور پہنچ کر مرحومہ کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔ وہ سابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف اور دوسرے اہل خانہ سے بھی ملاقی ہوئیں اور اُن تک فرنٹ چیئرمین کا پیغام ِ تعزیت پہنچایا۔ اس موقع پر یاسین ملک نے بھی ٹیلیفون پر نواز شریف کے ساتھ بات کی اور اُن کے ساتھ تعزیت کا اظہارکیا۔ اس موقع پر یاسین ملک نے مرحومہ کلثوم نواز کو ایک آ  ہنی شخصیت کی حامل خاتون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حلیمانہ روش، بہادری،پروقار شخصیت اور پر عزم سیاسی کاوشیں اُن ہی کا خاصہ تھے اور اُن کی ان جملہ صلاحیتوں کا لوہا ہر ایک تسلیم کرتا ہے۔مسلم لیگ نے غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم اس غم کو اپنا غم سمجھتے ہیں۔موصولہ بیان کے مطابق لیگ کی ایک اہم نشست قائمقام چیرمین عبدلاحد پرہ کی صدرات میں منعقد ہوئی ۔اس موقعہ پر کلثوم نواز صاحبہ کے سیاسی رول پر مکمل روشنی ڈالی گئی اور ان کی جدوجہد اور اپنے قوم کے تئیں ہمدردی اور ایثار کے جذبے کو سراہا گیا ۔ دریں اثناء مسلم لیگ نے پاکستانی حکومت کی طرف سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو اپنی اہلیہ کے جنازے میں شرکت کرنے کے لئے رہا کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ واقعی انسانیت کا یہی تقاضا تھا جس کی مثال پاکستانی حکومت نے قائم کردی اور یہ مستحسن اقدام دوسرے جمہوری ملکوں خصوصاََ ہندوستان کے لئے چشم کشا ہے ۔