گیس تو نہیں ملا مگر سبسڈی ملتی رہی

بانڈی پورہ//عازم جان //پرائم منسٹر اجول یوجنا سکیم کے تحت غریبی سے نچلی زمرے میں آنے والے خاندانوں کو سبسڈی کے تحت کھانا پکانے والا ایل پی جی گیس کنکشن فراہم کیا جاتا ہے جس میں ایک مقامی گیس ڈیلر کی جانب سے آلوسہ کے مقامی شہری محمد مقبول اہنگر کی اہلیہ فاطمہ بیگم کا کنکشن کسی اور شہری کو فراہم کیا گیا ہے۔ محمد مقبول اہنگر نے کہا کہ دو ماہ قبل اس نے گیس ایجنسی کے پاس اپنی اہلیہ، دو بیٹیوں سمیت دیگر دس رشتہ داروں کے گیس کنکشن حاصل کرنے کے لئے کاغذات بھرے تاہم تمام کنکشن کسی اور کو دیئے گئے جبکہ فاطمہ بیگم کے نام پر جموں کشمیر بنک الوسہ برانچ میں اکاؤنٹ زیر نمبر 176میں گیس پر ملنے والی سبسڈی بھی حاصل کرتے رہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پولیس اسٹیشن بانڈی پورہ میں شکایت درج کروائی اور پولیس نے تحقیقات کرنے کی یقین دہانی کی۔