گھومنے والی نشستوں کیساتھ نئی ٹرین | بارہمولہ بانہال کے درمیان نومبرسے شروع ہوگی

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//کشمیر کی ہمہ موسمی ٹرین وسٹادوم کوچ، رواں سال نومبر سے بارہمولہ سے بانہال تک شروع کی جائے گی۔ وزارت ریلوے نے بارہمولہ سے بانہال ریلوے ٹریک پر وسٹادوم کوچ چلانے کو ہری جھنڈی دکھا دی ہے۔ کوچ کے کامیاب آزمائشی دوڑ کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام نے کہا کہ توقع ہے کہ Vistadome ٹرین اس سال نومبر میں کام کرنا شروع کردے گی، اور یہ یقینی طور پر ان مسافروں کے لیے ایک مقبول انتخاب ہوگی، جو کشمیر کے بہترین مناظر کا تجربہ کرنا چاہتے ہیں۔اس ٹرین میں سب سے نمایاں خصوصیت گھومنے والی نشستیں ہیں، جو مسافروں کو باہر کے دلکش نظاروں میں محورکھے گی۔مزید برآں، ایک آن بورڈ GPS پر مبنی انفارمیشن سسٹم مسافروں کو ان علاقوں کے بارے میں آگاہ کرتا رہے گا جن سے وہ گزرتے ہونگے۔ٹرین میں مسافروں کیلئے رفع حاجت کا انتظام بھی ہوگا نیز اس خوبصورت ٹرین میں یہ خصوصیت بھی ہے کہ یہ بارش اور برفباری دونوں میں چلے گی۔