منجاکوٹ //تحصیل منجاکوٹ کے گھمبیر مغلاں سے بیروٹ گلی جانے والی روڈ کی حالت انتہائی خراب ہوچکی ہے مگر محکمہ پی ایم جی ایس وائی کو اس کی کوئی پرواہ تک نہیں ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ آٹھ ماہ قبل بھاری بارش کی وجہ سے روڈ کا ایک حصہ ڈھہ چکا تھا مگر اس کے باوجود محکمہ نے اس طرف کوئی توجہ نہیں کی اور روڈ کی حالت انتہائی خراب ہوچکی ہے اور بڑ ی گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر بند ہو چکی ہے جبکہ چھوٹی گاڑیاں بھی بڑی مشکل سے گزرتی ہیں۔ مقامی لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ نہ جانے کب کوئی بڑا حادثہ ہو جائے اور اس کی ساری ذمہ داری محکمہ پی ایم جی ایس وائی اور ضلع انتظامیہ پر عائد کی جائے گی۔مقامی لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ اور ضلعی انتظامیہ کی نوٹس میں یہ بات لائی گئی کہ روڈ کی جلد سے جلد مرمت کروائی جائے مگر محکمہ نے اس طرف کوئی توجہ کی اور نہ ہی ضلع انتظامیہ نے۔ مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مانگ کی کہ گھمبیر مغلاں سے بیروٹ گلی جانے والی روڈ کی جلد سے جلد مرمت کروائی جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یاد رہے کہ یہ روڈ تحصیل منجاکوٹ اور تحصیل تھنہ منڈی کو جوڑنے کیلئے متبادل راستے کاکام کرتی ہے اور لوگوں کو شاہدرہ شریف آنے جانے کے لیے اس کا استعمال بھی کرنا پڑتا ہے۔