گھر گھر ٹیکہ کاری | سپریم کورٹ کا ہدایت دینے سے انکار

نئی دہلی //سپریم کورٹ نے گھر گھر جا کر کورونا مخالف ٹیکہ کاری کی ہدایت دینے سے بدھ کے روز انکار کر دیا۔ جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے یوتھ بارایسوسی ایشن آف انڈیا کی طرف سے دائرعرضی کو مسترد کردیا اور عرضی گزار کو اپنا مشورہ وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے سامنے رکھنے کی چھوٹ دی۔ بینچ نے کہا کہ ممکن ہے کہ عرضی گزار کی جانب سے وزارت صحت اور خاندانی بہبود کو تجویز پیش کرنا فائدہ مند ہو۔ عرضی گزار نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ تمام شہریوں ، بالخصوص معذوروں ، بزرگوں ، پسماندہ افراد ، کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد اور آن لائن رجسٹریشن کرانے والے لوگوں کے لیے گھر گھر ٹیکہ کاری کے انتظامات کیے جائیں۔یو این آئی
 

 کورونا انفیکشن کی رفتارمیں 8روز بعداضافہ

ایک فوت،151مثبت

پرویز احمد 
 
سرینگر //بدھ کو8دنوں کے بعد کشمیر صوبے میں متاثرین کی تعداد 100زیادہ ہے۔اس دوران پچھلے 24گھنٹوں میں جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے47ہزار 443ٹیسٹ کئے گئے جن میں151افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیںجن میں21جموں جبکہ 130کشمیر میں وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔اس سے قبل 31اگست کو کشمیر صوبے میں وائرس سے 148افراد متاثر ہوئے تھے۔ جموں و کشمیر میںمتاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 26ہزار 310ہوگئی ہے۔اس دوران جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ۔ مسلسل تین دنوں تک اموات کا سلسلہ تھمنے کے بعدصدر اسپتال میں ایک شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد بڑھکر 4411ہوگئی ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں میں وائرس سے متاثر ہونے والے 151افراد میں سے130کشمیر جبکہ 21جموں صوبے سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والے سبھی 130افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر کے 130متاثرین میں سب سے زیادہ  سرینگر میں 75،بارہمولہ میں 31،بڑگام میں 7، پلوامہ میں 2، کپوارہ میں 2، بانڈی پورہ میں 4، گاندربل میں 2، کولگام میں 5 اور شوپیان میں کوئی بھی شخص وائرس سے متاثر نہیں ہوا ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 3ہزار 96ہوگئی ہے۔ بدھ کو تین دنوں بعد وادی میں کورونا وائرس سے ایک متاثرہ شخص کی موت ہوئی ہے۔ مرنے والے شخص کو چند دن قبل صدر اسپتال سرینگر میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ بدھ کو فوت ہوگیا ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2245ہوگئی ہے۔ جموں صوبے کے  7اضلاع میں 21افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جبکہ ادھمپور ، کٹھوعہ اور سانبہ میں کوئی بھی شخص وائرس سے متاثر نہیں ہوا ہے۔ جموں صوبے میں وائرس سے متاثر ہونے والے 21افراد میں جموں میں 4،راجوری میں 6، کشتواڑ میں 1،پونچھ میں 2،رام بن میں 2 جبکہ ریاسی میں 2افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 23ہزار 214ہوگئی ہے۔ جموں صوبے میں مسلسل چوتھے دن بھی وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 2166بنی ہوئی ہے۔   
 

ملک میں 37,875 نئے معاملات

۔ 369 ہلاکتیں

یو این آئی
 
نئی دہلی//گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے انفیکشن کی رفتار ایک بار پھر بڑھ گئی ہے جس کے دوران 37 ہزار سے زائد نئے کیس رپورٹ ہوئے اور 369 افراد کی موت ہوئی۔ منگل کے روز ملک میں 78 لاکھ 47 ہزار 625 افراد کو کورونا کی ویکسین دی گئی اور اب تک 70 کروڑ 75 لاکھ 43 ہزار 18 افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق متاثرہ افراد کی تعداد تین کروڑ 30 لاکھ 96 ہزار 718 ہو گئی ہے۔ اس دوران 39 ہزار 114 مریضوں کی صحت یابی کے بعد اس وبا کو شکست دینے والے افراد کی کل تعداد تین کروڑ 22 لاکھ 64 ہزار 51 ہو گئی ہے۔ اسی عرصے میں  فعال کیس 1608 سے کم ہو کر تین لاکھ 91 ہزار 256 ہو گئے ہیں۔ اس دوران 369 مریضوں کی موت کی وجہ سے اموات کی تعداد بڑھ کر 441411 ہوگئی ہے۔