سرینگر//کرونابندشوں کے بیچ وادی کے جنوب و شمال میں2کشمیری پیشہ واراں نے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے مریضوں کو مفت طبی مشورے دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔اس آن لائن رابطہ گاہ کو چند دنوں پہلے تیار کیا گیا،جس کے تحت وادی سے تعلق رکھنے والے ان مریضوں کو آن لائن طریقے سے ہی طبی مشورے دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے،جولاک ڈاون کے نتیجے میں معالجین تک نہیں پہنچ پا رہے ہیں۔ اس پلیٹ فارم کے بانی شکیل احمد اور رمیض رشیدہیں،جن کا کہنا ہے کہ وہ مشترکہ طور پر آن لائن طریقے سے مریضوں کو مدد دینے کیلئے سامنے آئے ہیں کیونکہ وادی میں کرونا کے قہر کے نتیجے میں جاری لاک ڈائون سے نقل و حرکت ناممکن بن چکی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ان کی رابطہ گاہ(ویب سائٹ)’’ ڈاکٹر آپ کیلئے آن لائن‘‘ DR4uOnline.com مریضوں کا رابطہ معالجین سے کراتی ہے،اور وہ باہر نکلے بغیر ڈاکٹروں کے طبی مشاوروں سے مستفید ہوتے ر ہیں گے۔ سٹیٹ بورڈ آف ٹیکنکل ایجوکیشن میں کام کرنے والے شکیل احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ خیال آنے کے بعد،کئی نوجوان پیشہ وار،جن میں ڈاکٹر اور سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں،نے مل کر اس خیال کو ممکن بنانے کی کوشش کی۔شکیل نے بتایا’’ ہمیں معلوم ہے کہ جموں کشمیر میں کورنا وائرس سے نپٹنے کیلئے طبی عملہ مصروف عمل ہے،اور یہاں پر کئی ایسے مریض ہیں جو مختلف امراض میں مبتلاہیں،اور وہ لاک ڈائون کے نتیجے میں ڈاکٹروں کے پاس جانے سے بھی قاصر ہیں۔ لہٰذایہ طبی پلیٹ فارم ان کے نزدیک ہے‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ویب سائٹ کو کچھ روز قبل تیار کیا گیا اور مریضوں کو اس رابطہ گاہ کے ذریعے اپنا اندراج کرانا پڑتا ہے،اور انہیں ڈاکٹروں سے مفت طبی مشاورت فراہم ہوتے ہیں جس کیلئے کچھ ڈاکٹر رضاکارانہ طور پر سامنے آئے ہیں۔شکیل احمد نے بتایا کہ مریضوں کو ویب سائٹ پر فون نمبرات فراہم کرنے پڑتے ہیں،تاکہ ڈاکٹر ان کے ساتھ رابطہ قائم کریں۔انہوں نے بتایا کی مریض اپنی طبی تفصیلات بھی اپ لوڈ کرسکتے ہیں تاکہ ڈاکٹر انہیں بہتر مشاورت سے مستفید کریں۔انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے جو بھی معالجین رضاکارانہ طور پر کام کرنا چاہتے ہیں،انہیں بھی اپنانام ویب سائٹ پر درج کرنا پڑتا ہے تاکہ اس بات کو ممکن بنایا جاسکے کہ طبی رضاکار پیشہ ور ہیں۔اس ویب سائٹ پر اب تک درجنوں معالجین نے اپنا نام رضاکارانہ طور پر درج کیا ہے۔ جن پیشہ وار افراد نے اس پلیٹ فارم کو تیار کیا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ اس میں مزید کچھ خصوصیات کا اضافہ کیا جاسکے۔ان کا کہناہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ سماجی فاصلہ بنائے رکھے اور انہیں گھر بیٹھے ہی ڈاکٹری مشاورت فراہم ہوسکے گی۔
گھر بیٹھے مریضوں کو آن لائن طبی مشورے دینے کا آغاز
