گپکار الائنس پر اعتماد اور بھروسے کی مہر ثبت

سرینگر// نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ لوگوں نے گپکار الائنس پر اپنے اعتماد اور بھروسے کی مہر ثبت کردی ہے۔پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صدارت میں اُن کی رہائش گاہ واقع گپکار روڑ پر صوبائی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی ڈی سی انتخابات کے نتائج پر طویل تبادلہ خیالات کیا گیا اور پارٹی کارگردی کا جائزہ لینے کے علاوہ کمزریوں کی بھی نشاندہی کی گئی۔ اجلاس میں اُن نشستو ں کے نتائج بھی زیر غور آئے جہاں پارٹی کو ہار کا سامنا کرنا پڑا ۔ میٹنگ میں ڈی ڈی انتخابات میں پارٹی کی کارگردی اور گپکار الائنس اُمیدوروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے انتہائی مشکل حالات کا احاطہ کیا گیا۔ڈاکٹر فاروق نے پارٹی عہدیداران اور ورکروں کی طرف سے گپکار الائنس اُمیدواروں کی کامیابی کیلئے کئے گئے کام کو سراہا اور کہا کہ یہ اتحاد جموں وکشمیر اور لداخ کے عوام کی اُمنگوں ، احساسات اور جذبات کی ترجمانی کرتا ہے۔ اگرچہ نیشنل کانفرنس کو اس اتحاد کیلئے کافی قربانی دینی پڑی لیکن عوامی مفادات کے سامنے ذاتی اور انفرادی فائدے کوئی معنی نہیں رکھتے۔  انہوں نے کہا کہ حالیہ ڈی ڈی سی انتخابات میں لوگوں نے اس اتحاد پر اپنے اعتماد اور بھروسے کی مہر ثبت کر کے دکھایاہے۔ انہوں نے کہا کہ گپکار الائنس ایک پاک اتحاد ہے اور اس اتحاد کا واحد مقصد جموں وکشمیر کی چھینی گئی انفرادیت، اجتماعیت اور شناخت کی بحالی کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنا ہے۔انکا کہنا تھا کہ عوامی اشتراک سے ہم ضرور سرخرو اور جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی میں کامیاب ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہمارے ادارے نیک ہیں اور ہم حق پر ہیں تو اللہ تعالیٰ ضرور ہمیں کامیابی اور کامرانی بخشے گا۔