گپکار الائنس میں شامل پارٹیاں ایکدوسرے سے چھٹکارا پانے کے فراق میں: بخاری

  جموں //اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ‘میں شامل سیاسی جماعتیں  جموں وکشمیر میں ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے بعد ایکدوسرے سے چھٹکار ہ پانے کے راستے تلاش کر رہی ہیں۔موصوف پارٹی دفتر گاندھی نگر جموں میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں انڈین سسٹم میڈیسن(آئی ایس ایم)سابقہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر روہت گپتا نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اُن کا جماعت میں شامل ہونے کا خیر مقدم کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ گپکار الائنس میں شامل سیاسی جماعتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے بعد سچائی سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا’’گپکار الائنس لیڈران ضلع ترقیاتی کونسل الیکشن کے بعد ایکدوسرے سے چھٹکارا پانے کے لئے راستے تلاش کر رہے ہیں، انہوں نے عوام کو گمراہ کرنے کے لئے ایک دھندلی تصویر پیش کی تھی لیکن اب خود اُن ہی پول کھل چکی ہے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ پی اے جی ڈی کے ساتھ جن سیاسی جماعتوں نے ہاتھ ملائے تھے ، وہ ڈی ڈی سی انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ انہوں نے کہا’’انہوں نے لوگوں کو گمراہ کیا اور اب وہ اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے قابل نہیں، اِن شرمناک حالات سے بچنے کے لئے وہ اب لوگوں سے چھپ رہے ہیں، اس کے برعکس اپنی پارٹی نے انتخابات ترقی، ریاستی درجہ کی بحالی، روزگار اور جموں وکشمیر میں اراضی و نوکریوں کے حقوق کا تحفظ وغیرہ کے نام پر الیکشن لڑے‘‘۔الطاف بخاری نے مزید کہا’’ہم نے کبھی تقسیم کرنے والی سیاست نہیں کی، ہم جموں وکشمیر کا اتحاد اور خوشحال سماج کے لئے طبقہ جات کے مابین بھائی چارہ چاہتے ہیں۔اس دوران اپنی پارٹی صدر سے صوبہ جموں کے مختلف علاقہ جات سے آئے وفود نے پارٹی دفتر پر ملاقات کی اور اُن کے ساتھ کئی امور پر بات چیت کی۔ ضلع کشتواڑ کے واڑن، ضلع راجوری سے پارٹی لیڈران، یوتھ  وغیرہ وفود میں شامل تھے۔ اس موقع پر سنیئر نائب صدر غلام حسن میر نے کہاکہ اپنی پارٹی نے جموں وکشمیر کے ہر خطہ سے حمایت حاصل کی ہے۔