گوندہ پنچایت میں 8ماہ سے پانی سپلائی بند

کوٹرنکہ //تحصیل خواص کی پنچایت گوندہ میں گزشتہ آٹھ ماہ سے پینے کے صاف پانی کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ کئی ماہ سے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جارہا ہے لیکن جھوٹی یقین دہانیوں کے بغیر کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے جس کی وجہ سے آٹھ ماہ سے کئی کنبوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ محکمہ آب رسانی کے ملازمین کی انتہائی درجہ کی لاپرواہی کی وجہ سے علاقہ میں بچھائی گئی پاپئیں بوسیدہ ہو کر ٹوٹ چکی ہیں جبکہ مقامی لوگ قدرتی چشموں سے پینے کیلئے صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مختار وانی نامی ایک مقامی شخص نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سپلائی کو بحال کرنے میں کوئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے عوامی مشکلات مزید بڑھتی ہی جارہی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے محکمہ کے ملازمین و آفیسران کو متحرک کیا جائے تاکہ لوگوں کو پانی کی سپلائی مل سکے ۔