گول میں نیشنل کانفرنس کااجلاس ، پارٹی کو مضبوط کرنے کی مہم کا کیا آغاز

گول//گول ڈاک بنگلہ میں نیشنل کانفرنس کا اجلاس زیر صدارت ڈی ڈی سی ممبر گول چوہدری سخی محمد منعقد ہوا جس میں ڈی ڈی سی چیر پرسن ضلع رام بن و نیشنل کانفرنس لیڈر ڈاکٹر شمشادہ شان مہمان خصوصی کے طو رپر موجود تھیں جبکہ اس موقعہ پر دیگر این سی لیڈران و کار کنان نے حصہ لیا۔ اس موقعہ پر پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے ڈاکٹر شمشادہ شان نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے زمینی سطح سے ہی کام کیا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ نیشنل کانفرنس کے جانباز سپاہیوں کو پارٹی کو زیادہ سے زیادہ مضبوط کرنے کے لئے کام کرنا ہو گا تا کہ علاقہ کی ترقی ممکن ہو سکے ۔ اس موقعہ پر سالہا سال سے رکے پڑے تعمیری پروجیکٹوں پر ڈاکٹر شمشادہ شان نے کہا کہ ان پروجیکٹوں کی طرف کسی حکومت نے دھیان نہیں دیا ہے اور گول کے ساتھ سیاسی دشمنی اس وقت بھی زوروں پر ہے اور یہاں کی عوام کو کمزور کرنے کے لئے پہلے گول گلاب گڑھ کے ٹکڑے کئے گئے اور اب گول کے بھی ٹکڑے کرنے پر سیاسی شترنج کھیلا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کی وحدت اور شناخت کو بچانے کے لئے نیشنل کانفرنس ہمیشہ تیار ہے ۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی چیر پرسن بننا یہاں پر نیشنل کانفرنس کی جیت ہے اور اُمید ہے کہ جلد از جلد رکے پڑے تعمیری پروجیکٹوں پر تعمیری کام شروع ہو جائے گا ۔ انہوں نے اس موقعہ پر گاگرہ روڈ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دو ہفتوں تک گاگرہ سڑک کے اہم پل پر تعمیری کام شروع کیا جائے گا ۔ ڈاکٹر شمشادہ شان نے کہا کہ میری ترجیح سڑکوں کی بہتر تعمیر اور عوامی فلاح و بہبود جس تعمیر میں ہے وہ ہیں تا کہ یہاں پر پروجیکٹوں سے ہر ایک کو فائدہ مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ گول کو سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے قدم اٹھایا جا رہا ہے اور گول سنگلدان میں چھوٹے صنعتی پروجیکٹ کے قیام کے بارے میں سوچ وچار جاری ہے ۔ اس موقعہ پر دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں نے اپنے مسائل چیر پرسن موصوف کے سامنے رکھے ۔ ڈاکٹر شمشادہ شان نے اس موقعہ پر کہا کہ گول سب ضلع ہسپتال کی عمارت ابھی تک نہیں بنی اگر دیگر جگہوں کی طرف دیکھا جائے تو گول اس حساب سے کافی پیچھے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی عمارت کے سلسلے میں انہوں نے ناظم صحت سے رام بن میں بھی بات کی تھی اور اس کے لئے اراضی درکار ہے تا کہ گول میں ایک بہتر عمارت بن سکے ۔انہوں نے اس موقعہ پر نئے راشن کارڈبنانے ، آدھار لنک کرنے پر بھی لوگوں کو یقین دلایا کہ جلد اس مسئلے پر وہ انتظامیہ سے بھی بات کریں گے تا کہ لوگ آسانی سے اپنے راشن کارڈ بنوا سکیں ۔