گول میں محکمہ سماج بہبودکی طرف سے جانکاری وتقسیم کاری کیمپ

گول//گول میں محکمہ سماج بہبود نے آرٹیفیشل لمبس مینی فیکچرنگ کار پوریشن آف انڈیا پنجاب موہالی کے اشتراک سے ایک جانکاری وتقسیم کاری کیمپ کا انعقادکیا گیا جس میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن رام بن ڈاکٹر شمشادہ شان مہمان خصوصی کے طور پرموجود تھیں ۔اس موقعہ پرALIMCOٹیم کی طرف سے ڈاکٹر کمار ، ڈاکٹر انیل بھی اس کیمپ میں موجود تھے ۔ اس موقعہ پر سب ڈویژن گول کے مختلف علاقوں سے معذور افراد آئے ہوئے تھے جنہوں نے قریباً دوسال قبل فارم بھرے تھے ،کورونا کی وجہ سے یہ کیمپ جلدی نہیں ہوسکا۔آج سب ڈویژن گول کے صدرمقام پر ایک کیمپ لگایا گیا تھا ۔اس موقعہ پر 69معذور افراد میں ویل چیر مصنوعی اعضاء ودیگر آلات تقسیم کئے ۔ جن میں 152آلہ شامل تھے جن کی لاگت5لاکھ روپے بتائی جاتی ہے ۔کیمپ میں موجود ڈاکٹروں کاکہنا ہے کہ انہوں نے اس طرح کی یہ مہم مرکزی سرکار کی مددسے ایک رضا کار تنظیم کے ذریعے سے پورے ملک میں چلائی ہے اورآج ضلع رام بن میں 297معذوروں میں مختلف قسم کے آلات تقسیم کئے گئے جس میں634آلات شامل ہیں جن کی لاگت22لاکھ روپے ہیں ۔اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ وہ مزید اس طرح کے کیمپ لگائیں گے ۔اس موقعہ پر موجود مہمان خصوصی ڈی ڈی سی چیر پرسن رام بن ڈاکٹر شمشادہ شان نے کہا کہ اس طرح کی رضا کار تنظیموں کی جانب سے لوگوں باالخصوص معذوروں میں آلات تقسیم کرنا ایک خوش آئند قدم ہے اوروہ ان  تنظیموں کا بھر پور ساتھ دیں گے ۔انہوں نے ان رضا کار تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ لوگوں کے ساتھ تال میل رکھیں تا کہ مستحق لوگوں کو کوئی فائدہ مل سکے اور آئندہ اس طرح کے مزید کیمپ لگانے کی بھی اپیل کی۔