زاہد بشیر
گول // 4جولائی2024کو پولیس سٹیشن گول میں دیہی ترقی محکمہ گگرسولہ کے ولیج لیول ورکرکی جانب سے سرکاری املاک کی چوری کے سلسلے میں ایک تحریری شکایت موصول ہوئی تھی جس میں4سولر پینل پلیٹ،4بیٹریاں،ایک انورٹر، ایک سٹیبلائزرپنچایت گھر گگرسولہ گول سے چوری ہوا جس کی مالیت 03لاکھ روپے تھی۔اس کے مطابق شکایت کنندہ کی بنیاد پر ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 62/2024 پولیس تھانہ گول میں درج کیا گیا اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔کیس کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایس ڈی پی او گول نہار رنجن نے کہا کہ تفتیش کے دوران ایس ایچ او گول سمیر احمد کی سربراہی میں پی ایس گول کی پولیس ٹیم نے متعدد مشتبہ افراد کو پکڑ لیا۔ مسلسل پوچھ گچھ پر ملزم عاشق ولد بہار دین شاہ سکنہ گگرسولہ گول نے ایک شخص ندیم احمد شاہ ولد جعفر شاہ سکنہ گگرسولہ گول کی ملی بھگت سے چوری کی واردات کا اعتراف کیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے ۔