گول//ضلع رام بن کے سب ڈویژن گول میں مقامی لوگوں ںے رمضان المبارک سے قبل ہی لوگوں نے غذائی اجناس کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے کہا کہ ماہ مبارک میں جہاں لوگوں کو بناء کسی مشکلات کے غذائی اجناس ملنا چاہئے وہیں ساتھ ساتھ بجلی کی سپلائی میں بھی بہتری لائے جائے ۔ مقامی نوجوان سماجی کارکن عبدالرحیم کا کہنا ہے کہ ماہ مبارک میں لوگوں کو غذائی اجناس کی قلت نہیں ہونی چاہئے ۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بالخصوص سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی کی سپلائی کو بحال رکھا جائے تا کہ لوگوں کسی قسم کی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ گول میں نا معلوم وجوہات کی بناء پر محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری نے تیل خاکی کو بھیجنا بند کر دیا ہے اور لوگ بوند بوند کے لئے ترس رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تحقیق ہونی چاہئے کہ آیا مٹی کا تیل کس بناء پر بند کر دیا گیا کیونکہ جہاں رسوئی گیس میں آئے روز اضافہ سے لوگ پریشان ہیں وہیں مٹی کے تیل کی شدید قلت سے بھی عام غریب لوگ کافی مصیبتوں کا سامنا کررہے ہیں ۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ماہ صیام میں غذائی اجناس ، بجلی کی بہتر سپلائی اور تیل خاکی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تا کہ ان با برکت ایام میں لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔