گول میں رابطہ سڑکوں کا نکاسی نظام خستہ حال عوام برہم، مکجی میں شہری کے مکان کو شدیدنقصان پہنچا

 زاہد بشیر

گول// گزشتہ کئی روز سے لگا تار بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال بنی رہی اس دوران سڑکوں میں آبِ نکاس نہ ہونے کی وجہ سے اور نئی سڑکوں کی تعمیر کے لئے اراضی کی کٹائی کے بعدحفاظتی دیواریں نہ دینے کی وجہ سے لوگوں کے رہائشی مکانات کو شدید خطر لا حق ہے ۔ اس طرح سے گول و ملحقہ جات میں کئی واقعات رونما ہوئے ہیں جہاں سڑکوں پر کھدائی کے بعد دیوار یں نہ دینے کی وجہ سے لوگوں کے رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے علاقہ داڑم کے نذیر احمد ملک ساکنہ مکجی وارڈ نمبر ایک نے کہاکہ کافی عرصہ قبل سڑک کی تعمیر کے دوران میرے مکان کے سامنے سے اراضی کی کٹنگ کی گئی لیکن اس دوران نہ ہی آبِ نکاس کے لئے کوئی بندو بست کیا گیا اور نہ ہی دیواریں دی گئیں جس وجہ سے گزشتہ کئی روز سے لگا تار بارشوں کی وجہ سے رہائشی مکان کے سامنے سے اراضی کھسکنے لگی اور میرے مکان کو شدید خطر ہ لا حق ہے اور کسی بھی وقت میرا پورا مکان زمین بوس ہو سکتا ہے ۔نذیر احمد کے مطابق یہ سڑک محکمہ تعمیرات عامہ کے سپرد ہے لیکن انہوں نے اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا ۔ وہیں محکمہ تعمیرات عامہ کا کہنا ہے کہ اس سڑک کو محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے کھودا گیا تھا اس پر کوئی دیوار نہیں دی گئی تھی اور نہ ہی کوئی آبِ نکاس کا بندو بست رکھا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بیک ٹو ولیج میں کچھ رقم محکمہ تعمیرات عامہ نے اس پر لگایا لیکن یہ سڑک محکمہ کے سپرد نہیں ہے جس وجہ سے محکمہ اس پر کوئی کام نہیں کر سکا ۔ مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیاکہ سڑکوں پر دیواریں اور آبِ نکاس کا بندو بست جلد از جلد کیاجائے تا کہ رہائشی بستی کو کوئی خطرہ لا حق نہ ہو او ر اگر جلد از جلد تعمیری کام نہ ہو سکے گا تو آنے والی بارشوں میں لوگ بے گھر بھی ہو سکتے ہیں ۔