سرینگر// گوشت کی قیمتوںکو اعتدال پر رکھنے کیلئے انتظامیہ نے قصوروار قصابوں کے خلاف کارروائی شروع کی ہے اور اب تک 15ایف آئی آر درج کر کے لال بازار اور بٹہ مالو میں 2دکانوں کو سربمہر کر دیا ہے ۔انتظامیہ نے ایک بار پھر لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی شکایات ٹول فری نمبرات پر درج کرائیں تاکہ گراں فروشوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔ قصابوں کو سخت انتباہ دیتے ہوئے اگرچہ حکام نے گوشت کی قیمت فی کلو 480روپے مقرر کر رکھی ہے، لیکن زمینی سطح پر اس پر کوئی بھی عمل نہیں ہو رہا ہے اور گوشت00 6 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔ وادی کے متعدد علاقوں کے علاوہ شہر سرینگر میں قصابوں کا عام صافین کو لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے اور بنا کسی خوف وڈر کے اس مافیا نے پرانی قیمتوں پر ہی گوشت کو فروخت کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کیلئے شہر اور وادی میں نافذ کئے گئے لاک ڈائون کے بیچ ہی قصابوں نے من مرضی سے گوشت کی قیمتیں از خود بڑھا دی تھیں۔ اس دوران اگرچہ صافین نے متعدد بار محکمہ خوراک اور انتظامیہ کو آگاہ کیا تاہم 8ماہ بعد انتظامیہ حرکت میں آئی اور انہوں نے گوشت کی قیمتیں فی کلو 480روپے مقرر کر دیں، لیکن گوشت کی قیمتوں کو مقرر کرنے کے بعد حکام مارکیٹ میں ان قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہے ۔ صارفین کا کہنا ہے کہ گوشت ہر گھر کی ضرورت ہے اور جب وہ گوشت کی خریداری کیلئے قصابوں کے پاس پہنچتے ہیں ،تو انہیں 600سے روپے میں گوشت فروخت کیا جاتا ہے اوراگر قصابوں کو حکام کی طرف سے جاری ریٹ لسٹ کا بتایا جاتا ہے تو وہ گوشت فروخت کرنے سے ہی انکار کرتے ہیں ۔معلوم رہے کہ جمعہ کو مٹن ڈیلرس نے ایک پریس کانفرنس کے دوران حکام کی طرف سے مقرر کئے گئے قیمتوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکام کو بتایاکہ 540سے لیکر550 روپے تک گوشت وادی پہنچتا ہے،اور وہ کس طرح480روپے میں گوشت فروخت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ دانستہ طور پر آنکھیں بند کررہا ہے،ورنہ وہ بھی اصل حقائق سے آگاہ ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ حکام بازاروں کا جائزہ لیکر قیمت مقرر کرے ۔اس دوران ڈویژنل کمشنر کشمیر نے بھی اس تعلق سے ایک ہیلپ لائن نمبر 1800.180.7114جاری کیا ہے اور لوگوںسے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی شکایات اس نمبر پر درج کرائیں ۔محکمہ خوراک ورسدات کے ڈائریکٹر بشیر احمد خان نے بتایا کہ قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کیلئے محکمہ کی ٹیمیں متحرک ہیں اور ابھی تک 15 آیف آئی آر درج کئے جا چکے ہیںجبکہ لال بازار اور بٹہ مالو میں 2دکانوں کو سربمہر کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چیکنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو 480روپے فی کلو کے حساب سے گوشت فراہم کرایا جائے ۔
گوشت کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کیلئے انتظامیہ متحرک
