گوس لچھی پورہ بونیار اور سنگھ پورہ پٹن میں آگ کی بھیانک وارداتیں

اوڑی+بارہمولہ//لچھی پورہ بونیار اور سنگھ پورہ پٹن میں آگ کے بھیانک واقعات میں 6رہائشی مکانات، 2دکان خاکستر ہوئے جبکہ 20مویشی جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ بونیار اوڑی کے مضافاتی گاوں گواس لچھی پورہ میں منگل کو آگ کی ایک ہولناک واردات میں 4 رہائشی مکان اور 1 گاوخانہ مکمل طور آگ کی نذر ہو گئے۔ اس دوران 20 مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق منگل کی صبح 10 بجے کے قریب گوس لچھی پورہ بونیار میں حاجی عبلاہ مغل کے گاوخانہ سے اچانک آگ نمودار ہوئی جو پورے بستی میں پھیل گئی۔اس واردات میں حاجی عبداللہمغل ولد دوست محمد مغل ،محمد دین مغل ولد عبداللہ مغل ،غلام محمد مغل ولد منا مغل اور دوست محمد مغل ولد یار علی مغل کے 4 رہائشی مکان مکمل طور خاکستر ہوگئے ۔آگ کی واردات کی خبر پورے علاقے میں پھیلتے ہی لوگوں کی ایک بڑی تعداد آگ کو قابو پانے کی غرض سے پہنچی ۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگر چہ فائر اینڈ امرجنسی سروس کے اہلکاروں نے جائے واقعہ تک پہنچانے کی کوشش کی مگر سڑک کی خستہ حالت کی وجہ سے فائر اینڈ سروس کی گاڑی بھی آگ کو قابو بانے کے لیے نہیں پہنچ سکی ۔ادھر  سنگھپورہ پٹن میںآگ کی ایک واردات کے دوران2دکانیں خاکستر ہوئیں جبکہ لاکھوں روپئے مالیت کا ساز و سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ۔شمالی قصبہ پٹن کے ہارترٹھ سنگھ پورہ علاقے میں 26 اور 27 مارچ کی درمیانی رات کو اُس وقت افرا تفری کا ماحول پھیل گیا جب نصیر ٹیلی کام کی دکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ایک اور دوکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں دونوں دوکانیں اوراُن میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا ساز و سامان خاکستر ہوا ۔بعد میں فائر اینڈ ایمر جنسی سروس کے اہلکاروں نے پولیس و عام لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا اور باقی دوکانوں کو نقصان سے بچالیا۔